صحیح بخاری 4698
عبید بن اسمٰعیل نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو اُسامہ سے، ابو اُسامہ نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس تھے۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے ایک ایسا درخت بتلاؤ جو مسلمان شخص کے مشابہ یا اس کی طرح ہے۔ اس کے پتے نہیں گرتے۔ اور نہ ایسا ہے اور نہ ایسا اور نہ ایسا۔ وہ اپنا پھل ہر وقت دیتا ہے۔ حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: میرے دل میں آیا کہ وہ کھجور ہے۔ اور میں نے حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کو دیکھا کہ وہ نہیں بول رہے تو میں نے بُرا جانا کہ میں بات کروں۔ پس جب وہ کچھ نہ بولے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ کھجور ہے۔ پھر جب ہم کھڑے ہوئے تو میں نے حضرت عمرؓ سے کہا: ابا! بخدا میرے دل میں آیا تھا کہ وہ کھجور ہے، تو انہوں نے کہا: تمہیں (یہ بات) کہنے سے کس نے روکا؟ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: مجھے صرف اسی بات نے روکا کہ میں نے آپؓ کو (اور حضرت ابوبکرؓ کو) بات کرتے نہیں دیکھا اس لئے میں نے برا جانا کہ میں بولوں یا کچھ کہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اگر تم نے کہہ دیا ہوتا تو یہ مجھے ایسی ایسی بات سے زیادہ پسند تھا۔