صحیح بخاری 4721: باب قَوْلِهِ {وَكَذَلِكَ جَعَلْنَاكُمْ أُمَّةً وَسَطًا لِتَكُونُوا شُهَدَاءَ عَلَى النَّ …
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابراہیم (نخعی) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار میں نبی ﷺ کے ساتھ ایک کھیتی میں تھا اور آپؐ کھجور کی چھڑی سے سہارا لئے کھڑے تھے کہ اتنے میں کچھ یہودی گزرے۔ انہوں نے ایک دوسرے سے کہا کہ ان (محمد ﷺ) سے روح کی نسبت پوچھیں، تو (ان میں سے) کسی نے کہا کہ تمہیں اس کا خیال کیسے آیا (کہ ان سے یہ بات پوچھی جائے) اور بعض نے کہا: کہیں وہ تم سے ایسی بات نہ کہہ دیں کہ جو تم بُرا مناؤ۔ آخر انہوں نے کہا کہ ان (محمد ﷺ) سے پوچھ لیں۔ چنانچہ انہوں نے آپؐ سے روح کی بابت پوچھا۔ نبی ﷺ خاموش رہے، انہیں جواب نہ دیا۔ میں سمجھا کہ آپؐ کو وحی ہورہی ہے، تو میں اپنی جگہ کھڑا ہو گیا۔ جب وحی نازل ہوچکی تو آپؐ نے فرمایا: اور وہ تجھ سے روح کے بارے میں پوچھتے ہیں۔ تو کہہ کہ روح میرے ربّ کے امر سے وجود پذیر ہے اور تمہیں علم میں سے بہت ہی تھوڑا دیا گیا ہے۔ (کہ اس کی حقیقت سمجھ سکو)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah