صحیح بخاری 4735: باب قَوْلُهُ {مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِجِبْرِيلَ}
یحيٰ (بن موسیٰ بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت خبابؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں لوہار آدمی تھا اور عاص بن وائل کے ذمے میرا کچھ قرضہ تھا اس لئے میں اس کے پاس اپنے قرض کا تقاضا کرنے آیا۔ اس نے مجھ سے کہا: تاوقتیکہ تو محمد (ﷺ) کا انکار نہ کرے میں تجھے نہیں دوں گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ میں نے کہا: اگر تو مر بھی جائے اور پھر زندہ اُٹھایا جائے تب بھی میں آپؐ کا انکار نہیں کروں گا۔ اس نے کہا: اچھا میں موت کے بعد اگر زندہ اُٹھایا جاؤں گا تو پھر میں ضرور تجھے ادا کر دوں گا، جب میں اپنے مال و اولاد کی طرف (دوبارہ) لوٹوں گا۔ حضرت خبابؓ کہتے تھے کہ تب یہ آیت نازل ہوئی: اَفَرَءَيْتَ الَّذِيْ… یعنی کیا تجھے اس شخص کے متعلق معلوم ہوا ہے جس نے ہماری آیات کا کفر کیا اور کہا کہ مجھے بہت سی دولت اور اولاد ضرور دی جائے گی۔ کیا اس نے غیب کو جھانک کر دیکھ لیا ہے یا رحمٰن سے کوئی اقرار لے لیا ہے۔ ہرگز نہیں۔ ہم اس کے اس قول کو محفوظ رکھیں گے اور اس کے عذاب کو لمبا کر دیں گے۔ اور جس (چیز) پر وہ فخر کر رہا ہے اس کے ہم وارث ہو جائیں گے۔ اور وہ ہمارے پاس اکیلا ہی آئے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah