صحیح بخاری 4741: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کہ ابوصالح نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی کہ اُنہوں نے کہا: نبی کریمﷺ نے فرمایا: اللہ عزوجل قیامت کے دن فرمائے گا: اے آدم ! وہ کہیں گے تیرے حضور حاضر ہوں اے ہمارے ربّ ! اور تیری خدمت میں ہوں۔ بلند آواز سے پکار کر آدم سے کہا جائے گا کہ اللہ تجھے حکم دیتا ہے کہ تو اپنی ذریت سے آگ میں جھونکنے کے لئے ایک گروہ نکال۔ آدم کہیں گے: میرے ربّ ! آگ میں جھونکنے کے لئے گروہ کتنا ہو۔ فرمایا: ہر ہزار آدمیوں میں سے مَیں سمجھتا ہوں (حضرت ابو سعیدؓ نے) کہا: نو سو ننانوے۔ تو اس وقت حالت یہ ہوگی کہ حاملہ اپنا حمل گرادے گی اور بچہ بوڑھا ہو جائے گا اور تو لوگوں کو مدہوش دیکھے گا وہ مدہوش نہیں ہوں گے لیکن اللہ کا عذاب نہایت سخت ہو گا۔ یہ بات سن کر لوگوں پر شاق گزرا یہاں تک کہ ان کے چہرے متغیر ہوگئے۔ نبیﷺ نے فرمایا کہ یاجوج ماجوج میں سے نو سو ننانوے ہوں گے اور تم میں سے ایک۔ اور لوگوں میں تمہاری نسبت اتنی ہوگی جتنی کہ سفید بیل میں سیاہ بال ہوتا ہے یا فرمایا: سیاہ بیل میں سفید بال اور میں امید رکھتا ہوں کہ جنتیوں میں تم چوتھائی حصہ ہوگے۔ ہم نے یہ سن کر اللہ اکبر کہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جنتیوں کا ایک تہائی حصہ۔ پھر ہم نے اللہ اکبر کہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: جنتیوں کا نصف حصہ۔ پھر ہم نے اللہ اکبر کہا۔ ابواسامہ نے اعمش سے روایت کرتے ہوئے صرف اتنی ہی آیت پڑھی: تَرَى النَّاسَ سُكٰرٰى وَ مَا هُمْ بِسُكٰرٰى یعنی اور تو لوگوں کو مدہوش دیکھے گا بحالیکہ وہ مدہوش نہیں ہوں گے۔ اور کہا ہر ہزار میں نو سو ننانوے۔ اور جریر اور عیسیٰ بن یونس اور ابومعاویہ نے اس کو یوں نقل کیا ہے: سَكْرٰى وَ مَا هُمْ بِسُكْرٰى۔