صحیح بخاری 4745: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
اسحاق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن یوسف فریابی نے ہمیں بتایا، (کہا:) اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: زُہری نے مجھے بتایا۔ حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت ہے کہ عویمرؓ (بن حارث بن زید بن حارثہ عجلانی) عاصمؓ بن عدی کے پاس آئے اور وہ بنو عجلان قبیلے کے سردار تھے اور اُنہوں نے (عاصمؓ سے) پوچھا: تم ایسے شخص کی نسبت کیا کہتے ہو جو اپنی بیوی کے ساتھ کسی غیر مرد کو پائے۔ کیا وہ اسے مار ڈالے؟ اور پھر تم لوگ اس مارنے والے کو بھی قتل کر دو گے یا وہ کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں میرے لئے پوچھو۔ عاصمؓ نبیﷺ کے پاس آئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! (پھر یہ واقعہ بتایا) تو رسول اللہ ﷺ نے اس قسم کے سوالات ناپسند فرمائے۔ پھر عویمرؓ نے عاصمؓ سے پوچھا تو اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ایسے سوالات ناپسند کئے ہیں اور ان کو معیوب سمجھا ہے عویمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم میں رکوں گا نہیں جب تک رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں دریافت نہ کر لوں۔ چنانچہ عویمرؓ آئے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! ایک شخص اپنی بیوی کے ساتھ غیر مرد کو پائے تو کیا وہ اس مرد کو مار ڈالے، تو پھر آپ لوگ اس قاتل کو مار ڈالیں گے یا وہ کیا کرے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے تمہارے اور تمہاری بیوی کے لئے قرآن نازل فرمایا ہے اور رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں کو لعان (لعنت کی بددعا) کرنے کا وہی حکم دیا جو اللہ نے اپنی کتاب میں بتایا ہے۔ عویمرؓ نے اپنی بیوی سے لعان کیا۔ پھر کہنے لگے: یا رسول اللہ! اگر میں اسے روکے رکھوں تو میں اس پر ظلم کروں گا۔ اس لئے انہوں نے اس کو طلاق دے دی۔ پھر ان دونوں (کے واقعہ) کے بعد جو بھی لعان کرنے والے ہوئے ان کے لئے یہی طریقہ ٹھہر گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھتے رہو اگر وہ عورت ایسا بچہ جنے جو سانولے رنگ کا، سیاہ آنکھوں والا، بڑے سرین والا، موٹی پنڈلیوں والا ہو تو میں عویمرؓ کی نسبت یہی سمجھوں گا کہ اس نے اس عورت کی نسبت سچ ہی کہا ہے۔ لیکن اگر وہ ایسا بچہ جنے جو گہرے سرخ رنگ کا ہو جیسے چھوٹا گرگٹ ہوتا ہے تو میں عویمرؓ کی نسبت یہ سمجھوں گا کہ اس نے اس عورت کے خلاف جھوٹ بولا ہے۔ چنانچہ اس عورت نے ایسے حلیہ کے مطابق بچہ جنا جیسا رسول اللہ ﷺ نے عویمرؓ کو سچا سمجھنے کے لئے بیان فرمایا تھا۔ اس کے بعد وہ بچہ اپنی ماں ہی کی طرف منسوب ہوتا تھا۔