صحیح بخاری 4770: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن مرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت وَ اَنْذِرْ عَشِيْرَتَكَ الْاَقْرَبِيْنَ نازل ہوئی تو نبی ﷺ صفا پہاڑی پر چڑھے اور بلند آواز سے پکارنے لگے: اے بنی فہر! اے بنی عدی! اسی طرح آپؐ نے قریش کے چند خاندانوں کا نام لیا اور وہ جمع ہوگئے، جو آدمی خود نہ آسکتا تھا وہ اپنی جگہ دوسرا آدمی بھیج دیتا کہ دیکھیں کیا معاملہ ہے۔ ابولہب اور قریش آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بھلا بتلاؤ تو سہی اگر میں تم کو یہ خبر دوں کہ کچھ سوار اس وادی میں ہیں جو تم پر چھاپہ مارنا چاہتے ہیں کیا تم مجھے سچا سمجھو گے؟ انہوں نے کہا: جی ہاں، آپؐ کی نسبت ہمارا تجربہ یہی ہے کہ آپؐ راستباز ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر میں ایک سخت عذاب آنے سے قبل تمہیں آگاہ کرتا ہوں۔ ابولہب نے یہ سن کر کہا: سارا دن تمہیں گھاٹا ہی رہے، کیا اس غرض کے لئے تم نے ہمیں اکٹھا کیا ہے۔ اس لئے یہ آیت نازل ہوئی کہ ابولہب کے دونوں ہاتھ تباہ ہوں اور وہ خود بھی تباہ ہو، نہ اس کا مال اسے کاری آیا نہ وہ جو اُس نے کمایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 2: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}