صحیح بخاری 4809: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابو الضحیٰ سے، ابو الضحیٰ نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کے پاس گئے۔ انہوں نے کہا: اے لوگو! جس کو کچھ علم ہو تو اُس کو کہے۔ اور جس کو نہ ہو تو کہے: اللہ بہتر جانتا ہے۔ کیونکہ یہ بھی علم کی علامت ہے کہ جو بات انسان نہ جانتا ہو اس کے متعلق کہے: اللہ بہتر جانتا ہے۔ اللہ عزوجل نے اپنے نبی ﷺ سے فرمایا: قُلۡ مَاۤ اَسۡـَٔلُکُمۡ… تو کہہ کہ میں تم سے اس پر کوئی اجر نہیں مانگتا اور نہ میں بناوٹ کرنے والوں سے ہوں۔ اور میں تمہیں دخان کی نسبت بتاتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے قریش کو اسلام قبول کرنے کے لئے دعوت دی۔ انہوں نے آپؐ کی بات ماننے میں دیر کر دی۔ آپؐ نے دعا کی: اے میرے اللہ! ان کے خلاف سات سالوں سے میری مدد فرما، جو یوسفؑ کے سات سالوں کی طرح ہوں۔ چنانچہ ان کو قحط نے آ پکڑا۔ اور اس نے ہر چیز کو فنا کر دیا، نوبت یہاں تک پہنچی کہ انہوں نے مردار اور چمڑے تک کھائے۔ حالت یہ تھی کہ آدمی اپنے اور آسمان کے درمیان بھوک کی وجہ سے دھواں دیکھتا۔ اللہ عزوجل نے یہ بھی فرمایا تھا: فَارْتَقِبْ يَوْمَ تَاْتِي… یعنی اس دن کا انتظار کر جس دن آسمان کُھلا کھلا دُھواں لائے گا جو لوگوں کو ڈھانپ لے گا۔ یہ وہی دردناک عذاب ہے۔ (حضرت ابن مسعودؓ) کہتے تھے: پھر قریش نے دعا مانگی: اے ہمارے ربّ! ہم سے یہ عذاب ہٹا۔ ہم ایمان لانے والے ہیں۔ ابھی ان کو نصیحت کہاں۔ حالانکہ ان کے پاس ایسا رسول آچکا ہے جو کھول کر بیان کرنے والا ہے۔ مگر پھر وہ اس سے پھر گئے اور کہنے لگے: اسے سکھایا جاتا ہے، مجنون ہے۔ ہم کسی قدر عذاب ہٹانے والے ہیں، تم پھر ویسے کے ویسے ہو جاؤ گے۔ تو کیا پھر قیامت کے دن بھی عذاب ہٹایا جا سکے گا؟ (حضرت ابن مسعودؓ) کہتے تھے: وہ عذاب ہٹایا گیا۔ پھر وہ اپنے کفر میں لوٹ گئے۔ آخر اللہ نے ان کو بدر کے دن پکڑا۔ (یہی تھا جو) اللہ نے فرمایا: يَوْمَ نَبْطِشُ… یعنی جس دن ہم بڑی پکڑ پکڑیں گے۔ ہم ضرور سزا دیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 3: باب قَوْلُهُ تَعَالَى {فَلاَ تَجْعَلُوا لِلَّهِ أَنْدَادًا وَأَنْتُمْ تَعْلَمُونَ}