صحیح بخاری 4844: باب {وَإِذْ قُلْنَا ادْخُلُوا هَذِهِ الْقَرْيَةَ فَكُلُوا مِنْهَا حَيْثُ شِئْتُمْ رَغَدً …
احمد بن اسحاق سُلمی نے ہم سے بیان کیا کہ یعلیٰ (بن عبید) نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن سیاہ نے حبیب بن ابی ثابت سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں ابو وائل (شقیق بن سلمہ) کے پاس ان سے کچھ پوچھنے آیا تو انہوں نے کہا: ہم صفین میں تھے، تو ایک شخص نے کہا: کیا تم ان لوگوں کی طرف نہیں دیکھتے جن کو کتاب اللہ پر عمل کرنے کے لئے بلایا جاتا ہے۔ حضرت علیؓ نے کہا: ہاں (دیکھتا ہوں)۔ حضرت سہل بن حنیفؓ نے کہا: اپنے آپ کو ہی غلطی پر سمجھو (اپنے نفسوں پر اتنا اعتماد نہ کیا کرو) کیونکہ میں حدیبیہ کے دن یعنی اس صلح میں جو کہ نبی ﷺ اور مشرکوں کے درمیان تھی اپنے تئیں دیکھ چکا ہوں۔ اگر ہم لڑنا مناسب سمجھتے تو ہم ضرور لڑتے۔ حضرت عمرؓ بھی آئے اور کہنے لگے: کیا ہم حق پر نہیں اور وہ باطل پر نہیں؟ کیا ہمارے مقتول جنت میں اور ان کے مقتول آگ میں نہیں ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیوں نہیں، ضرور۔ حضرت عمرؓ نے کہا: پھر ہم اپنے دین کے متعلق یہ ذلت کیوں قبول کریں اور یونہی ایسے وقت میں واپس ہو جائیں کہ ابھی اللہ نے ہمارے درمیان فیصلہ نہیں کیا۔ یہ سن کر آپؐ نے فرمایا: خطاب کے بیٹے! میں اللہ کا رسول ہوں اور اللہ مجھے کبھی ضائع نہیں کرے گا۔ (یہ سن کر) حضرت عمر بن خطابؓ غصے سے بھرے لوٹ گئے اور صبر نہیں کیا کہ جھٹ حضرت ابوبکرؓ کے پاس چلے گئے اور کہنے لگے: ابوبکرؓ! کیا ہم حق پر اور وہ باطل پر نہیں؟ انہوں نے کہا: خطاب کے بیٹے! وہ اللہ کے رسول ﷺ ہیں اور اللہ ان کو ہرگز ضائع نہیں کرے گا۔ پھر سورۂ فتح نازل ہوئی۔