صحیح بخاری 4921: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ اپنے ساتھیوں میں سے چند لوگوں کے ساتھ عکاظ کی منڈی کا قصد کرتے ہوئے چل پڑے۔ اور اُن دنوں شیطانوں کو آسمان کی خبر معلوم کرنے سے روک دیا گیا تھا اور ان پر شہاب ثاقب برسائے جاتے تھے۔ یہ دیکھ کر شیطان لوٹ آئے۔ لوگوں نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا ؟ تو انہوں نے کہا: آسمان کی ٹوہ لگانے سے ہمیں روک دیا گیا ہے اور ہم پر شہاب ثاقب برسائے گئے۔ کسی نے کہا: یہ جو آسمان کی خبر معلوم کرنے سے تمہارے لئے روک ہوگئی ہے تو ضرور کوئی نہ کوئی نئی بات ہوئی ہے۔ اس لئے زمین کے مشرق و مغرب میں پھر کر دیکھو، یہ کیا نئی بات ہے جو ہوئی ہے۔ وہ روانہ ہو گئے اور زمین کے مشرق و مغرب میں پھرے، دیکھنے لگے، یہ کیا بات ہے کہ جو اُن کے اور آسمان کی خبر کے درمیان حائل ہوگئی ہے؟ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے کہ وہ لوگ جو کہ تہامہ کی طرف گئے تھے رسول اللہ ﷺ کے پاس نخلہ مقام میں آئے جبکہ آپؐ سوق عکاظ میں جا رہے تھے۔ آپؐ اپنے ساتھیوں کو فجر کی نماز پڑھا رہے تھے۔ جب انہوں نے قرآن سنا تو کان لگا کر اس کو سننے لگے۔ انہوں نے کہا: یہ ہے وہ جو تمہارے اور آسمان کی خبر کے درمیان روک ہوا۔ پھر وہ وہیں سے اپنی قوم کے پاس لوٹ گئے اور کہنے لگے: اے ہماری قوم! ہم نے ایک عجیب قرآن سنا جو سرا سر بھلائی کی طرف راہنمائی کرتا ہے۔ ہم اس پر ایمان لائے اور ہم تو اپنے ربّ کے ساتھ کسی کو بھی ہرگز شریک نہیں ٹھہرائیں گے۔ اور اللہ عزوجل نے اپنے نبی ﷺ پر یہ وحی نازل کی: تو کہہ! میری طرف یہ وحی کی گئی ہے کہ جنوں میں سے ایک جماعت نے (قرآن) سنا ہے۔ اور آپؐ کو جنوں کی یہ بات وحی سے ہی بتائی گئی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah