صحیح بخاری 4928: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے روایت کی۔ (وہ کہتے ہیں) کہ انہوں نے سعید بن جبیر سے اللہ تعالیٰ کے اس قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: اور حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ آنحضرت ﷺ جب آپؐ پر وحی نازل کی جاتی اپنے ہونٹوں کو ہلایا کرتے تھے۔ اس لئے آپؐ سے کہا گیا: تُو اس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا۔ آپؐ ڈرتے تھے کہ کہیں کوئی لفظ آپؐ سے چھوٹ نہ جائے۔ اِنَّ عَلَيْنَا جَمْعَهٗ یعنی ہم تمہارے دل میں اس کو محفوظ کر دیں گے۔ وَقُرْاٰنَهٗ اور تو اس کو پڑھ لے گا۔ فَاِذَا قَرَاْنٰهُ سے مراد ہے کہ وہ کہتا ہے جب یہ نازل کیا جائے فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَهٗ تو جیسا پڑھا گیا ویسے ہی تو بھی پڑھ۔ ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا بَيَانَهٗ پھر ہم تیری زبان سے اس کو بیان کروائیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah