صحیح بخاری 4939: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا، انہوں نے عثمان بن اسود سے روایت کی، انہوں نے کہا میں نے ابن ابی ملیکہ سے سنا، (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا، فرماتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ نیز سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا، انہوں نے ایوب (سختیانی) سے، ایوب نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز مسدد نے ہم سے بیان کیا، انہوں نے یحيٰ (بن سعید قطان) سے، یحيٰ نے ابو یونس حاتم بن ابی صغیرہ سے، ابو یونس نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، وہ بیان کرتی ہیں: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا نہیں ہوگا کہ جس سے حساب لیا جائے مگر وہ ہلاک نہ ہو (حضرت عائشہؓ ) کہتی تھیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ مجھے آپؐ پر فدا کرے، کیا اللہ عز و جل نہیں فرماتا: یعنی وہ شخص جو اپنی کتاب اپنے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔ عنقریب اس سے آسان حساب لیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ تو حساب کا پیش کرنا ہے جو اُن کے سامنے پیش کیا جائے گا اور جس کے حساب میں چھان بین کی جائے گی وہ تباہ ہو گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah