صحیح بخاری 4943: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
قبیصہ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا، انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) کے کئی ساتھیوں کے ساتھ شام میں داخل ہوا۔ حضرت ابودرداءؓ نے ہمارے متعلق سنا اور وہ ہمارے پاس آئے۔ انہوں نے کہا: کیا تم میں کوئی ہے جو قرآن پڑھنا جانتا ہو۔ ہم نے کہا: ہاں۔ انہوں نے پوچھا: تم میں سے کون زیادہ قاری ہے؟ انہوں نے میری طرف اشارہ کیا۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: پڑھو۔ میں نے پڑھا: وَالَّيْلِ اِذَا يَـغْـشَـى۰۰ وَالنَّهَارِ اِذَا تَجَلّٰى۰۰ وَالذَّكَرِ وَالْأُنْثَى یعنی رات کی قسم ہے جب وہ چھا جاتی ہے اور دن کی قسم ہے جب وہ روشن ہو جائے اور نرو مادہ کی قسم ہے۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: کیا تم نے اس سورة کو اپنے استاذ (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) کے منہ سے سنا؟ میں نے کہا: ہاں۔ حضرت ابودرداءؓ نے کہا: اور میں نے بھی اس سورة کو نبی ﷺ کے منہ سے سنا تھا اور یہ لوگ ہماری نہیں مانتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah