صحیح بخاری 4953: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا، انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ نیز سعید بن مروان نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن عبدالعزیز بن ابی رزمہ نے ہمیں بتایا۔ ابوصالح سلموَیہ نے ہمیں خبر دی، انہوں نے کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے مجھے بتایا، عبداللہ نے یونس بن یزید سے، انہوں نے کہا: مجھے ابن شہاب نے خبر دی کہ عروہ بن زبیر نے انہیں بتایا، کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: پہلے پہل وحی کی جو قسم رسول اللہ ﷺ کو شروع ہوئی تو وہ نیند کی حالت میں سچی خوابوں کا دیکھنا تھا۔ آپؐ کوئی بھی ایسی خواب نہ دیکھتے تھے جو صبح صادق کے نمودار ہونے کی طرح واقع نہ ہو جاتی ہو۔ پھر اس کے بعد آپؐ کو تنہائی پسند ہوئی اور آپؐ غار حرا میں چلے جایا کرتے تھے اور وہاں عبادت کیا کرتے تھے۔ عروہ بن زبیر کہتے تھے کہ تَحَنُّث وہ عبادت تھی جو چند گنتی کی راتیں کیا کرتے تھے بغیر اس کے کہ آپؐ اپنے گھر والوں کی طرف لوٹیں اور اس غرض کے لئے آپؐ زاد لے لیتے، پھر حضرت خدیجہؓ کے پاس واپس آتے اور اتنا ہی اور زاد لیتے۔ یہاں تک کہ اچانک حق آپؐ کے پاس آیا اور اس وقت آپؐ غار حرا میں تھے۔ آپؐ کے پاس فرشتہ آیا، اس نے کہا: پڑھو۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں تو پڑھنا نہیں جانتا۔ فرماتے تھے: اس نے مجھے پکڑا اور اس زور سے بھینچا کہ مجھے سخت تکلیف پہنچی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھو، میں نے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور دوبارہ اس زور سے بھینچا کہ مجھے سخت تکلیف پہنچی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھو، میں نے کہا: میں تو پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور تیسری بار مجھے اس زور سے بھینچا کہ اپنی انتہائی طاقت مجھ پر خرچ کر دی۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: اِقْرَاْ بِاسْمِ رَبِّكَ… یعنی پڑھ اپنے ربّ کے نام سے جس نے پیدا کیا انسان کو ایک لوتھڑے سے۔ پڑھ اور تیرا ربّ بڑا احسان کرنے والا ہے جس نے قلم کے ذریعہ سے سکھایا، انسان کو وہ کچھ سکھلایا جو وہ نہیں جانتا تھا۔ رسول اللہ ﷺ یہ آیتیں سن کر لوٹ آئے۔ آپؐ کے کندھے اور گردن کے درمیان کے پٹھے پھڑ پھڑا رہے تھے۔ آپؐ حضرت خدیجہؓ کے پاس آئے اور کہا: مجھے کمبل اڑھاؤ، کمبل اڑھاؤ، انہوں نے آپؐ کو کپڑا اڑھایا۔ جب آپؐ کا خوف جاتا رہا تو حضرت خدیجہؓ سے فرمایا: خدیجہؓ! مجھے کیا ہو گیا ہے۔ مجھے تو اپنی جان کا خدشہ ہے اور آپؐ نے حضرت خدیجہؓ کو وہ سارا واقعہ سنایا۔ حضرت خدیجہؓ بولیں: ہرگز نہیں، آپؐ کو خوشخبری ہو۔ اللہ کی قسم، اللہ آپؐ کو کبھی بھی رسوا نہیں کرے گا۔ کیونکہ آپؐ اللہ کی قسم صلہ رحمی کرتے ہیں اور سچی بات کہتے ہیں اور عاجز کو سہارا دیتے ہیں اور جس کے پاس نہ ہو اس کے لئے مہیا کرتے ہیں اور مہمان نوازی کرتے ہیں اور حق کی مشکلات میں مدد کرتے ہیں۔ حضرت خدیجہؓ آپؐ کو ساتھ لے کر ورقہ بن نوفل کے پاس آئیں اور وہ حضرت خدیجہؓ کے چچا زاد یعنی جو اُن کے باپ کا حقیقی بھائی تھا اس کے بیٹے تھے اور وہ ایسے شخص تھے جو زمانہ جاہلیت میں عیسائی ہو گئے تھے اور عربی لکھنا جانتے تھے اور انجیل میں سے جو اللہ لکھوانا چاہتا عربی میں لکھا کرتے تھے اور وہ بہت بوڑھے تھے اندھے ہو گئے تھے۔ حضرت خدیجہؓ نے کہا: چچا اپنے بھتیجے کی بات سنو۔ ورقہ نے کہا: بھتیجے تم کیا دیکھتے ہو؟ نبی ﷺ نے جو دیکھا تھا اس کا حال ان سے بیان کیا۔ ورقہ نے سن کر کہا: یہ تو وہ رازدار ہے جو موسیٰؑ پر نازل کیا گیا تھا، کاش کہ میں اس زمانہ میں جوان ہوتا، اے کاش کہ میں اس زمانہ میں زندہ رہوں۔ اس کے بعد ورقہ نے ایک اور بات کہی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا وہ مجھے نکال دیں گے؟ ورقہ نے کہا: ہاں کوئی شخص بھی وہ بات لے کر نہیں آیا جو تم لائے ہو مگر ضرور ہی اسے ستایا گیا اور اگر تمہارے زمانہ نے مجھے زندہ پایا تو میں کمر باندھ کر تمہاری مدد کروں گا۔ پھر اس کے بعد ورقہ زیادہ دیر نہیں رہا فوت ہوگیا اور وحی بھی کچھ دیر کے لئے موقوف ہو گئی جس سے رسول اللہ ﷺ افسردہ خاطر ہو گئے۔