صحیح بخاری 4962: باب مَا جَاءَ فِي فَاتِحَةِ الْكِتَابِ
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے ابو صالح سمان سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گھوڑے تین قسم کے لوگوں کے لیے ہوتے ہیں۔ کسی شخص کے لئے اجر کا موجب اور کسی شخص کے لئے پردہ پوشی کا موجب اور کسی شخص کے لئے گناہ کا موجب۔ جس کو تو ثواب ملتا ہے وہ شخص ہے جس نے اللہ کی راہ میں ان کو باندھے رکھا اور چراگاہ یا باغ میں ان کی رسی لمبی کر دی تو انہوں نے رسی کی لمبائی میں جو کچھ اس چراگاہ یا باغ سے چرا تو اس قدر اس کے لئے نیکیاں ہوں گی۔ اگر وہ اپنی رسی توڑ کر ایک دو میل کودتے پھاندتے بھاگ جائیں تو ان کے قدموں کے نشان ان کی لید یہ بھی اس شخص کے لئے نیکی کا موجب ہو گی اور اگر وہ کسی ندی سے گزریں اور پانی پئیں اور وہ پانی نہ پلانا چاہتا ہو تو یہ بھی اس کے لئے نیکیوں کا موجب ہو گا۔ اس لئے یہ گھوڑے ایسے شخص کے لئے ثواب کا موجب ہیں اور ایک وہ شخص ہے جس نے ان کو روپیہ کمانے یا مانگنے سے بچنے کے لئے باندھا اور اللہ کے اس حق کو نہ بھولا جو کہ ان کی گردنوں میں ہے اور نہ اس حق کو جو ان کی پیٹھوں میں ہے تو یہ گھوڑے اس کے لئے پردہ پوشی کا موجب ہوں گے اور وہ شخص جس نے ان کو فخر اور دکھلاوے اور ضد بضدی مقابلہ کرنے کی وجہ سے باندھا تو وہ اس کے لئے عذاب کا موجب ہوں گے۔ اور رسول اللہ ﷺ سے گدھوں کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق سوائے اس اکیلی آیت کے جو سب پر حاوی ہے مجھ پر اور کچھ نازل نہیں ہوا۔ یعنی پھر جس نے ایک ذرہ کے برابر (بھی) نیکی کی ہو گی وہ اس (کے نتیجہ) کو دیکھ لے گا۔ اور جس نے ایک ذرہ کے برابر بھی بدی کی ہو گی وہ اس (کے نتیجہ) کو دیکھ لے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah