صحیح بخاری 5041: باب مَنْ لَمْ يَرَ بَأْسًا أَنْ يَقُولَ سُورَةُ الْبَقَرَةِ وَسُورَةُ كَذَا وَكَذَا
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا انہوں نے زہری سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: مجھے عروہ بن زبیر نے مسور بن مخرمہ اور عبد الرحمٰن بن عبد القاری کی حدیث کے متعلق خبر دی۔ ان دونوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے ہشام بن حکیم بن حزامؓ کو رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں سورۂ فرقان پڑھتے سنا۔ میں نے ان کی قراءت کو جو غور سے سنا تو کیا معلوم ہوا کہ وہ اس سورۃ کو بہت سی ایسی طرزوں سے پڑھتے ہیں کہ جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے نہیں پڑھائی تھیں۔ قریب تھا میں نماز میں ہی ان پر لپکتا مگر میں نے انتظار کیا، جب انہوں نے سلام پھیرا تو میں نے انہیں گریبان سے پکڑ لیا۔ میں نے کہا: تمہیں کس نے یہ سورة پڑھائی جو میں نے تمہیں ابھی پڑھتے ہوئے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے یہ سورة پڑھائی ہے۔ میں نے ان سے کہا: تم نے غلط کہا۔ اللہ کی قسم! رسول اللہ ﷺ نے ہی مجھے یہ سورة پڑھائی جو میں نے تم سے سنی۔ میں ان کو کھینچتے ہوئے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے ان کو سورة الفرقان ایسی طرزوں سے پڑھتے سنا ہے جو آپؐ نے مجھے نہیں پڑھائی۔ حالانکہ آپؐ ہی نے مجھے سورة الفرقان پڑھائی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: ہشامؓ اسے پڑھو۔ انہوں نے اس کو اسی قراءت سے پڑھا جو میں نے ان سے سنی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ اسی طرح نازل کی گئی۔ پھر فرمایا: عمرؓ تم پڑھو۔ چنانچہ میں نے اس کو اسی قراءت سے پڑھا جو آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اسی طرح نازل کی گئی۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قرآن سات طرزوں پر نازل کیا گیا اس لیے جو اُن میں سے آسان ہو تم پڑھو۔
باب 27: باب مَنْ لَمْ يَرَ بَأْسًا أَنْ يَقُولَ سُورَةُ الْبَقَرَةِ وَسُورَةُ كَذَا وَكَذَا