صحیح بخاری 5044: باب التَّرْتِيلِ فِي الْقِرَاءَةِ
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، موسیٰ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اللہ تعالیٰ کے اس قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ لِتَعْجَلَ بِهٖ کے متعلق بیان کیا۔ انہوں نے کہا: جب جبریلؑ وحی لے کر آپؐ پر نازل ہوتے تو رسول اللہ ﷺ اپنی زبان اور اپنے ہونٹوں کو بھی ہلایا کرتے تھے اور (وحی سے) آپؐ کو سخت تکلیف ہوتی اور وہ آپؐ کی تکلیف معلوم ہو جاتی۔ اس لئے اللہ (تعالیٰ) نے یہ آیت نازل کی جو لَاۤ اُقۡسِمُ بِیَوۡمِ الۡقِیٰمَۃِ میں ہے یعنی (اے نبیؐ) تو اپنی زبان کو حرکت نہ دے تاکہ یہ قرآن جلدی نازل ہو جائے۔ اس کا جمع کرنا بھی ہمارے ذمہ ہے اور اس کا (دنیا کے سامنے) سنانا بھی (ہمارے ذمہ ہے) یعنی یہ ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کو تمہارے سینہ میں محفوظ کر دیں اور اس کو پڑھا دیں۔ پس جب ہم اسے پڑھ لیا کریں تو ہمارے پڑھنے کے بعد تو بھی پڑھ لیا کر۔ یعنی جس وقت ہم اس کو نازل کریں تو غور سے سنتا رہ۔ اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اس کو (تیری زبان سے لوگوں کو) کھول کر سنا دیں۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کو تیری زبان سے بیان کرائیں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: اس کے بعد جب جبرائیلؑ آپؐ کے پاس آتے تو آپؐ سر جھکا لیتے اور جب وہ چلے جاتے تو پھر وحی کو پڑھتے جیسا کہ اللہ نے آپؐ سے وعدہ کیا۔