صحیح بخاری 5083
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ صالح بن صالح ہمدانی نے ہم سے بیان کیا۔ (عمر) شعبی نے ہمیں بتایا کہ ابوبُردہ (بن ابی موسیٰ اشعری) نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص کے پاس لونڈی ہو اور وہ اُس کو تعلیم دے اور اچھی تعلیم دے اور اُس کو ادب سکھائے اور اچھا ادب سکھائے اور پھر اُس کو آزاد کر دے اور اس سے شادی کر لے تو اُس کو دو ثواب ملیں گے۔ اور اہل کتاب میں سے جو شخص بھی اپنے نبی پر ایمان لایا اور مجھ پر بھی ایمان لایا اُس کو بھی دو ثواب ملیں گے۔ اور جس غلام نے اپنے مالکوں کا اور اپنے ربّ کا حق ادا کیا اُس کو بھی دو اجر ملیں گے۔ (عمر) شعبی نے کہا: اس حدیث کو یونہی مفت لے لو۔ آدمی اس سے ادنیٰ بات کے لئے مدینہ سوار ہو کر جایا کرتا تھا۔ اور ابوبکر (بن عیاش) نے بھی اس حدیث کو ابوحَصین سے نقل کیا۔ ابوحصین نے ابوبُردہ سے، ابوبردہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (اس میں یہ الفاظ ہیں:) اُس کو آزاد کیا اور اُس کو حق مہر دیا۔