صحیح بخاری 5085: باب اتِّخَاذِ السَّرَارِيِّ
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے خیبر اور مدینہ کے درمیان تین دن قیام کیا کہ حضرت صفیہ بنت حییؓ کو آپؐ کے ہاں رخصت کیا جائے۔ پھر میں نے مسلمانوں کو آپؐ کے ولیمہ کی دعوت دی۔ اس میں نہ روٹی تھی نہ گوشت۔ چمڑے کے دستر خوان بچھانے کا حکم دیا گیا اور اس پر آپؐ نے کھجور، پنیر اور گھی رکھ دیا اور یہی آپؐ کا ولیمہ تھا۔ مسلمان کہنے لگے: کیا یہ اُمہات المؤمنین میں سے ایک ہیں یا اُن لونڈیوں میں سے ہیں جن پر جائز طور پر قبضہ کیا گیا۔ لوگوں نے کہا: اگر آپؐ نے اُن کو پردہ میں رکھا تو وہ اُمہات المؤمنین میں سے ہیں اور اگر اُن کو پردے میں نہ رکھا تو وہ اُن لونڈیوں میں سے ہیں جن پر جائز طور پر قبضہ کیا گیا۔ جب آپؐ نے کوچ کیا تو آپؐ نے حضرت صفیہؓ کے لئے اپنے پیچھے بیٹھنے کی جگہ درست کی اور اُن کے اور لوگوں کے درمیان پردہ تان دیا۔