صحیح بخاری 5088: باب الأَكْفَاءِ فِي الدِّينِ
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ بن ربیعہ بن عبد شمس نے، اور وہ اُن لوگوں میں سے تھے جو نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک ہوئے، سالمؓ (بن معقل) کو اپنا بیٹا بنایا اور اُن سے اپنی بھتیجی ہندؓ کی شادی کر دی جو ولید بن عتبہ بن ربیعہ کی بیٹی تھیں۔ اور یہ (سالمؓ) ایک انصاری عورت کے (آزاد کردہ) غلام تھے۔ انہوں نے اس کو اُسی طرح بیٹا بنایا جیسے نبی ﷺ نے حضرت زیدؓ کو بیٹا بنایا تھا۔ اور جاہلیت میں جو کسی شخص کو اپنا بیٹا بناتا تو لوگ اس کو اسی کی طرف منسوب کرکے پکارتے اور وہ اُس کی وراثت کا وارث ہوتا۔ (یہی حال رہا) یہاں تک کہ اللہ نے یہ حکم نازل کیا: یعنی (چاہیئے کہ) اُن (لے پالکوں) کو اُن کے باپوں کا بیٹا کہہ کر پکارو۔ یہ اللہ کے نزدیک زیادہ منصفانہ فعل ہے۔ اور اگر تم کو معلوم نہ ہو کہ اُن کے باپ کون ہیں تو (بہر حال) وہ تمہارے دینی بھائی ہیں اور دینی دوست ہیں، اس لئے وہ پھر اُن کے باپوں کی طرف ہی منسوب کئے جانے لگے۔ جس کا باپ معلوم نہ ہوتا وہ مولیٰ اور دینی بھائی کے نام سے پکارا جاتا۔ حضرت سہلہؓ بنت سہیل بن عمرو قریشی عامری جو کہ حضرت ابوحذیفہؓ بن عتبہ کی بیوی تھیں نبی ﷺ کے پاس آئیں اور کہنے لگیں: یا رسول اللہ! ہم سالم کو بیٹا سمجھا کرتے تھے اور اب اللہ نے اس کے متعلق وہ کچھ حکم نازل کیا ہے جو آپؐ جانتے ہی ہیں۔ پھر انہوں نے ساری حدیث کا ذکر کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah