صحیح بخاری 5132: باب إِذَا كَانَ الْوَلِيُّ هُوَ الْخَاطِبَ
احمد بن مقدام نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت سہل بن سعدؓ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے تھے کہ اتنے میں ایک عورت آئی اور اس نے اپنے تئیں آپؐ کے سامنے پیش کیا۔ آپؐ نے نگاہ نیچی کرکے اس کو دیکھا اور نظر اٹھا کر دیکھا اور آپؐ نے اس کو نہ چاہا۔ آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! مجھ سے اس کا نکاح کردیجئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے؟ وہ بولا: میرے پاس تو کچھ بھی نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں؟ اس نے کہا: (لوہے کی) انگوٹھی بھی نہیں۔ البتہ میں اپنی چادر پھاڑ دیتا ہوں اور آدھی اس کو دے دیتا ہوں اور آدھی میں لے لیتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ کیا تمہیں قرآن سے کچھ یاد ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ جو تمہیں قرآن یاد ہے اس کے عوض میں مَیں نے تم سے اس کا نکاح کردیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah