صحیح بخاری 5224: باب الْغَيْرَةِ

محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا مجھے میرے باپ نے خبر دی، انہوں نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ حضرت زبیرؓ نے مجھ سے شادی کی اور زمین میں اُن کی نہ کوئی جائیداد تھی اور نہ کوئی غلام لونڈی نہ ہی کوئی اور چیز سوائے ایک پانی ڈھونے والے اونٹ اور سوا اُن کی گھوڑی کے۔ میں اُن کی گھوڑی چَرایا کرتی تھی اور پانی بھی لایا کرتی تھی اور اُن کے ڈول کو سیتی بھی تھی اور آٹا بھی گوندھتی تھی اور میں اچھی طرح روٹی نہ پکا سکتی تھی اور میری بعض انصاری پڑوسنیں روٹیاں پکایا کرتی تھیں اور وہ نہایت اچھی عورتیں تھیں اور میں زبیرؓ کی اُس زمین سے کھجوروں کی گٹھلیاں اپنے سر پر ڈھو کر لایا کرتی تھی جو رسول اللہ ﷺ نے اُن کو بطور جاگیر کے دی تھی اور یہ مجھ سے تین فرلانگ کے فاصلے پر تھی۔ ایک دن میں آئی اور گٹھلیاں میرے سر پر تھیں۔ راستے میں رسول اللہ ﷺ ملے اور آپؐ کے ساتھ کچھ انصاری لوگ تھے۔ آپؐ نے مجھے بلایا پھر آپؐ نے (اونٹ کے بٹھانے کے لئے) اِخ اِخ کہا تا کہ آپؐ مجھے اپنے پیچھے سوار کر لیں مگر میں شرما گئی کہ مردوں کے ساتھ چلوں اور میں نے زبیرؓ اور اُن کی غیرت کا خیال کیا اور وہ لوگوں میں بہت ہی غیرت مند تھے۔ رسول اللہ ﷺ پہچان گئے کہ میں شرما گئی ہوں اور آپؐ آگے چلے گئے۔ میں زبیرؓ کے پاس آئی اور میں نے کہا: رسول اللہ ﷺ مجھے ملے تھے اور میرے سر پر گٹھلیاں تھیں اور آپؐ کے ساتھ چند صحابہ تھے آپؐ نے اپنے اونٹ کو بٹھایا تا میں سوار ہو جاؤں لیکن میں آپؐ سے شرمائی اور تمہاری غیرت کو بھی سمجھتی تھی۔ وہ کہنے لگے: اللہ کی قسم! تمہارا گٹھلیاں اُٹھا کر لانا مجھے زیادہ ناگوار ہے بنسبت اِس کے کہ تم آنحضرت ﷺ کے ساتھ سوار ہوتی۔ کہتی تھیں: آخر حضرت ابوبکرؓ نے اِس کے بعد مجھے ایک خادم دے دیا، جو میری جگہ گھوڑی کی خدمت کرتا تھا مجھے ایسا معلوم ہوا کہ گویا اُنہوں نے مجھے آزاد کر دیا۔

حَدَّثَنَا مَحْمُودٌ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ حَدَّثَنَا هِشَامٌ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبِي عَنْ أَسْمَاءَ بِنْتِ أَبِي بَكْرٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَتْ تَزَوَّجَنِي الزُّبَيْرُ وَمَا لَهُ فِي الأَرْضِ مِنْ مَالٍ وَلاَ مَمْلُوكٍ وَلاَ شَىْءٍ غَيْرَ نَاضِحٍ وَغَيْرَ فَرَسِهِ فَكُنْتُ أَعْلِفُ فَرَسَهُ وَأَسْتَقِي الْمَاءَ وَأَخْرِزُ غَرْبَهُ وَأَعْجِنُ وَلَمْ أَكُنْ أُحْسِنُ أَخْبِزُ وَكَانَ يَخْبِزُ جَارَاتٌ لِي مِنَ الأَنْصَارِ وَكُنَّ نِسْوَةَ صِدْقٍ وَكُنْتُ أَنْقُلُ النَّوَى مِنْ أَرْضِ الزُّبَيْرِ الَّتِي أَقْطَعَهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم عَلَى رَأْسِي وَهْىَ مِنِّي عَلَى ثُلُثَىْ فَرْسَخٍ فَجِئْتُ يَوْمًا وَالنَّوَى عَلَى رَأْسِي فَلَقِيتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَمَعَهُ نَفَرٌ مِنَ الأَنْصَارِ فَدَعَانِي ثُمَّ قَالَ " إِخْ إِخْ ". لِيَحْمِلَنِي خَلْفَهُ فَاسْتَحْيَيْتُ أَنْ أَسِيرَ مَعَ الرِّجَالِ وَذَكَرْتُ الزُّبَيْرَ وَغَيْرَتَهُ وَكَانَ أَغْيَرَ النَّاسِ فَعَرَفَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم أَنِّي قَدِ اسْتَحْيَيْتُ فَمَضَى فَجِئْتُ الزُّبَيْرَ فَقُلْتُ لَقِيَنِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَعَلَى رَأْسِي النَّوَى وَمَعَهُ نَفَرٌ مِنْ أَصْحَابِهِ فَأَنَاخَ لأَرْكَبَ فَاسْتَحْيَيْتُ مِنْهُ وَعَرَفْتُ غَيْرَتَكَ. فَقَالَ وَاللَّهِ لَحَمْلُكِ النَّوَى كَانَ أَشَدَّ عَلَىَّ مِنْ رُكُوبِكِ مَعَهُ. قَالَتْ حَتَّى أَرْسَلَ إِلَىَّ أَبُو بَكْرٍ بَعْدَ ذَلِكَ بِخَادِمٍ يَكْفِينِي سِيَاسَةَ الْفَرَسِ فَكَأَنَّمَا أَعْتَقَنِي.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 108: باب الْغَيْرَةِ

آج 10 میں سے 10 باقی