صحیح بخاری 5827: باب الثِّيَابِ الْبِيضِ
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث (بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسین (بن ذکوان) سے، حسین نے عبداللہ بن بریدہ سے، عبداللہ نے یحيٰ بن یعمر سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو بتایا کہ ابوالاسود دیلی نے انہیں بتایا کہ حضرت ابوذر (غفاری) رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا۔ وہ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ نے سفید کپڑے پہنے ہوئے تھے اور اس وقت آپؐ سو رہے تھے۔ پھر میں آپؐ کے پاس آیا اور آپؐ بیدار ہو گئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی ایسا بندہ نہیں جو لَا إِلَهَ إِلَّا الله کا اقرار کرے۔ پھر اسی اقرار پر مر جائے تو وہ ضرور جنت میں داخل ہوگا۔ میں نے کہا، گو اس نے زنا کیا ہو؟ گو اس نے چوری کی ہو؟ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے زنا کیا ہو، گو اس نے چوری کی ہو۔ پھر میں نے کہا: گو اس نے زنا کیا ہو گو اس نے چوری کی ہو۔ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے زنا کیا ہو گو اس نے چوری کی ہو۔ میں نے کہا: گو اس نے زنا کیا ہو گو اس نے چوری کی ہو۔ آپؐ نے فرمایا: (ہاں) گو اس نے زنا کیا ہو اور گو اس نے چوری کی ہو۔ ابوذرؓ کے برا منانے کے باوجود۔ اور حضرت ابوذرؓ جب یہ حدیث بیان کرتے تو کہا کرتے گو ابوذرؓ کو برا معلوم ہو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یہ موت کے قریب یا اس سے پہلے جب وہ توبہ کرے اور پشیمان ہو اور لَا إِلَهَ إِلَّا الله کا اقرار کرے تو اس کی بخشش کی جائے گی۔
قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ هَذَا عِنْدَ الْمَوْتِ أَوْ قَبْلَهُ إِذَا تَابَ وَنَدِمَ وَقَالَ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ. غُفِرَ لَهُ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah