صحیح بخاری 5835: باب لُبْسِ الْحَرِيرِ، وَافْتِرَاشِهِ لِلرِّجَالِ، وَقَدْرِ مَا يَجُوزُ مِنْهُ
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ عثمان بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مبارک نے ہمیں بتایا۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے عمران بن حطان سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ سے ریشمی کپڑے کے متعلق پوچھا۔ انہوں نے کہا: ابن عباسؓ کے پاس جاؤ اور ان سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے ان سے پوچھا۔ وہ کہنے لگے: حضرت ابن عمرؓ سے پوچھو۔ عمران کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: مجھے ابو حفص یعنی حضرت عمر بن خطابؓ نے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دنیا میں ریشم صرف وہی پہنتا ہے جس کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں۔ (عمران کہتے تھے:) میں نے (یہ حدیث سن کر) کہا: ابو حفصؓ نے سچ کہا۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ پر جھوٹ نہیں کہا۔ اور عبداللہ بن رجاء نے کہا: ہمیں حرب نے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عمران (بن حطان) نے مجھ سے بیان کیا اور پھر انہوں نے بھی ساری حدیث نقل کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 25: باب لُبْسِ الْحَرِيرِ، وَافْتِرَاشِهِ لِلرِّجَالِ، وَقَدْرِ مَا يَجُوزُ مِنْهُ