صحیح بخاری 6282: باب الْجُلُوسِ كَيْفَمَا تَيَسَّرَ
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے اُن کو کہتے ہوئے سنا۔ رسول اللہ ﷺ جب مسجد قبا کو جاتے تو حضرت اُم حرام بنت ملحانؓ کے ہاں جاتے۔ وہ آپؐ کو کھانا کھلاتیں اور وہ حضرت عبادہ بن صامتؓ کی بیوی تھیں۔ ایک دن آپؐ ان کے ہاں گئے اور حضرت اُم حرامؓ نے آپؐ کو کھانا کھلایا اور رسول اللہ ﷺ سوئے پھر ہنستے ہوئے جاگے۔ حضرت اُم حرامؓ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ کو کیا بات ہنسا رہی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میری اُمت میں سے کچھ لوگ میرے سامنے پیش کئے گئے جو اللہ کی راہ میں غازی ہیں۔ اس سمندر میں سوار جا رہے ہیں، بادشاہ ہیں تختوں پر بیٹھے ہوئے یا فرمایا: جیسے بادشاہ ہوتے ہیں تختوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ اسحاق نے ان الفاظ کے متعلق شک کیا۔ میں نے کہا: اللہ سے دعا کریں کہ مجھے بھی انہی میں سے کرے۔ آپؐ نے دعا کی اور پھر سر رکھ کر سو گئے۔ پھر جاگے تو ہنس رہے تھے۔ میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ کو کیا بات ہنسا رہی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: میری اُمت کے کچھ لوگ میرے سامنے پیش کئے گئے جو اللہ کی راہ میں غازی ہیں۔ اس سمندر میں سوار جا رہے ہیں۔ بادشاہ ہیں تختوں پر بیٹھے ہوئے۔ یا (فرمایا:) بادشاہوں کی طرح تختوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ میں نے کہا: اللہ سے دعا کریں کہ مجھے بھی ان میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: تم تو پہلوں میں ہو۔ چنانچہ انہوں نے بھی حضرت معاویہؓ کے زمانہ میں سمندر میں سفر کیا اور جب سمندر سے باہر آئیں تو اپنے جانور پر سے گر کر فوت ہو گئیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah