صحیح بخاری 6323: باب مَا يَقُولُ إِذَا أَصْبَحَ
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ حسین (بن ذکوان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن بُریدہ نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ نے بُشَیر بن کعب سے، بُشَیر نے حضرت شداد بن اوسؓ سے، حضرت شدادؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سید الاستغفار یہ دعا ہے: اے میرے اللہ! تو میرا ربّ ہے کوئی معبود نہیں مگر تو ہی۔ تو نے مجھے پیدا کیا اور میں تیرا بندہ ہوں اور میں تیرے عہد اور تیرے وعدے پر قائم ہوں جہاں تک کہ میں طاقت رکھتا ہوں۔ میں تیرے حضور اقرار کرتا ہوں کہ تو نے مجھ پر احسان کئے اور میں تیرے حضور اقرار کرتا ہوں کہ میں نے گناہ کئے۔ پس تُو مجھ پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر فرما کیونکہ تو ہی گناہوں کو بخشتا ہے۔ جو کچھ بھی کہ میں نے کیا اُس کے شر سے میں تیری پناہ لیتا ہوں۔ (فرمایا:) جب شام ہو کوئی یہ دعا کرے اور پھر وہ مر جائے تو جنت میں داخل ہوگا یا (فرمایا:) وہ جنتیوں میں سے ہوگا۔ یا جب صبح ہو وہ یہ دعا کرے، پھر وہ اُسی دن مر جائے تو وہ بھی جنت میں داخل ہو گا یا (فرمایا:) جنتیوں میں سے ہوگا۔