صحیح بخاری 6333: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَصَلِّ عَلَيْهِمْ}
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جریر (بن عبداللہ بجلیؓ) سے سنا کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا تم مجھے ذی الخلصہ سے بے فکر نہیں کرو گے؟ وہ ایک بُت خانہ تھا جہاں لوگ پوجا پاٹ کیا کرتے تھے، جسے کعبہ یمانی کہا کرتے تھے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں ایک ایسا آدمی ہوں جو گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا۔ آپؐ نے میرے سینے پر ہاتھ مارا اور دعا کی: اے اللہ! اس کو جم کر بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو ہدایت یافتہ راہنما بنا۔ حضرت جریرؓ کہتے تھے: میں اپنی قوم احمس کے پچاس سوار لے کر نکلا۔ اور کبھی سفیان (بن عیینہ) نے یوں کہا: میں اپنی قوم کا جتھا لے کر چل پڑا اور وہاں پہنچا اور اس کو جلا دیا۔ پھر میں نبی ﷺ کے پاس آیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ کی قسم! میں آپؐ کے پاس نہیں آیا جب تک اسے خارشی اونٹ کی طرح نہیں چھوڑ دیا۔ آپؐ نے احمس اور اس کے سواروں کے لئے دعا کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 19: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَصَلِّ عَلَيْهِمْ}