صحیح بخاری 6387: باب الدُّعَاءِ لِلْمُتَزَوِّجِ
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے باپ وفات پا گئے۔ وہ سات یا نو بیٹیاں چھوڑ گئے۔ میں نے ایک عورت سے نکاح کیا۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا: جابرؓ! تم نے نکاح کر لیا؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کنواری یا بیوہ؟ میں نے کہا: بیوہ۔ آپؐ نے فرمایا: کسی نوجوان لڑکی سے کیوں نہ کیا کہ تم اُس سے کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی یا (فرمایا:) تم اُس سے ہنستے اور وہ تم سے ہنستی۔ میں نے کہا: میرے والد فوت ہوگئے اور وہ سات یا نو بیٹیاں چھوڑ گئے تو میں نے نا پسند کیا کہ اُن کے پاس اُن جیسی لے آؤں۔ اس لئے میں نے ایک (پختہ عمر) عورت سے شادی کی جو اُن کی نگرانی کرے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تمہیں برکت دے۔ ابن عیینہ اور محمد بن مسلم نے عمرو (بن دینار) سے بَارَكَ اللهُ عَلَيْكَ کے الفاظ نقل نہیں کئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah