صحیح بخاری 6510: باب سَكَرَاتِ الْمَوْتِ
محمد بن عبید بن میمون نے مجھ سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمر بن سعید سے، عمر نے کہا: ابن ابی ملیکہ نے مجھے خبر دی کہ ابوعمرو ذکوان جو حضرت عائشہؓ کے غلام تھے، نے انہیں بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: رسول اللہ ﷺ کے سامنے چمڑے کا یا لکڑی کا بڑا پیالہ رکھا تھا جس میں کچھ پانی تھا۔ عمر اس کے متعلق شک کرتے ہیں۔ (کہ رَكْوَةٌ کہا یا عُلْبَةٌ) تو آپ اپنے ہاتھ پانی میں ڈالتے اور پھر اُن کو اپنے چہرے پر پھیرتے اور فرماتے: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ موت کی بھی بے ہوشیاں ہوتی ہیں۔ پھر آپ نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہ دعا کرنے لگے: رفیقِ اعلیٰ کے پاس۔ آخر اسی حالت میں آپؐ کی وفات ہو گئی اور آپؐ کا ہاتھ جھک گیا۔ ابو عبد اللہ (امام بخاری) نے کہا عُلْبَةٌ ایسا پیالہ ہے جو لکڑی کا ہو، اور رَكْوَةٌ چمڑے کا پیالہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah