صحیح بخاری 6535
صلت بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ یزید بن زریع نے ہمیں بتایا۔ (یہ جو فرمایا) جو بھی ان کے سینوں میں کوئی کینہ ہوگا ہم اس کو نکال دیں گے۔ کہا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو المتوکل ناجی سے روایت کی کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ مؤمن آگ سے صحیح سالم بچ کر نکل جائیں گے اور اُنہیں ایک پل پر روکا جائے گا جو جنت اور دوزخ کے درمیان ہوگا تو پھر وہ ظلم جو دنیا میں اُن کے درمیان آپس میں ایک دوسرے پر ہوئے ہوں گے تو ان کا بدلہ ایک سے دوسرے کے لئے لیا جائے گا یہاں تک کہ جب اُنہیں ٹھیک ٹھاک کیا جائے گا اور وہ بالکل پاک صاف ہو جائیں گے تو اُنہیں جنت میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اُس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے کہ اُن میں سے ایک بہشت میں اپنے ٹھکانے پر پہنچنے کے لئے راستہ زیادہ آسانی سے پالے گا بنسبت اس کے کہ دنیا میں اپنے گھر پر آنے کے لئے راستہ پایا کرتا تھا۔