صحیح بخاری 6541
عمران بن میسرہ نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے ہمیں بتایا۔ حصین (بن عبدالرحمٰن) نے ہم سے بیان کیا۔ نیز اسید بن زید نے بھی مجھ سے بیان کیا کہ ہشیم (بن بشیر) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے حصین سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں سعید بن جبیر کے پاس تھا تو اُنہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ نے مجھ سے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: میرے سامنے (ساری) اُمتیں پیش کی گئیں۔ کوئی نبی گزرتا تو اس کے ساتھ جماعت ہوتی اور کوئی نبی گزرتا تو اس کے ساتھ تھوڑے سے آدمی تھے اور کوئی نبی گزرتا اس کے ساتھ دس آدمی ہوتے اور کوئی نبی گزرتا اس کے ساتھ پانچ آدمی ہوتے اور کوئی نبی اکیلے گزرتا۔ میں نے نظر ڈالی تو کیا دیکھتا ہوں بہت بڑی جماعت ہے میں نے کہا۔ جبریل! یہ میری اُمت ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں بلکہ اس اُفق کی طرف آپ دیکھیں میں نے نظر ڈالی تو کیا دیکھتا ہوں بہت ہی بڑی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا: یہ لوگ آپ کی اُمت ہیں اور یہ ستر ہزار جو اِن کے آگے آگے ہیں ان پر نہ کوئی حساب ہے اور نہ کوئی عذاب۔ میں نے کہا: کیوں؟ اُنہوں نے کہا: وہ داغ نہیں لگواتے تھے اور نہ ہی منتر پڑھوایا کرتے تھے اور نہ بُرا شگون لیتے تھے اور اپنے ربّ پر بھروسہ رکھتے تھے۔ اس پر حضرت عکاشہ بن محصنؓ اُٹھ کر آپؐ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: اللہ سے دعا کریں کہ مجھے بھی اُنہی میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! اس کو بھی انہی میں سے کیجیؤ۔ پھر ایک اور شخص اُٹھ کر آپؐ کی طرف متوجہ ہوا اور کہنے لگا: دعا کریں مجھے بھی انہی میں سے کرے۔ آپؐ نے فرمایا: عکاشہؓ اس میں تم پر سبقت لے گیا۔
کتاب 50: باب يَدْخُلُ الْجَنَّةَ سَبْعُونَ أَلْفًا بِغَيْرِ حِسَابٍ