صحیح بخاری 6633: باب كَيْفَ كَانَتْ يَمِينُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ سے روایت کی۔ ان دونوں نے ان کو بتایا کہ دو شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ ان میں سے ایک نے کہا: کتاب اللہ کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرماویں اور دوسرے نے کہا، اور وہ ان دونوں میں سے زیادہ سمجھ دار تھا، ہاں یا رسول اللہ! کتاب اللہ کے مطابق ہمارے درمیان فیصلہ فرماویں۔ مجھے اجازت دیں کہ میں بیان کروں۔ آپؐ نے فرمایا: بیان کرو۔ اس نے کہا: میرا بیٹا اس شخص کے پاس نوکر تھا۔ مالک نے کہا: عسیف نوکر کو کہتے ہیں۔ اُس نے اس کی بیوی کے ساتھ زنا کیا اور لوگوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو سنگسار کیا جائے گا تو میں نے سو بکریاں اور اپنی ایک لونڈی (اس کو) دے کر اس کو چھڑا لیا ہے۔ پھر میں نے اہل علم سے پوچھا: انہوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو جو سزا ہونی چاہیئے تو سو کوڑے اور ایک سال کی جلاوطنی ہے اور سنگسار تو اس کی بیوی کو کیا جائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دیکھو اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، میں تمہارے درمیان کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ کروں گا۔ تمہاری بکریاں اور تمہاری لونڈی جو ہیں تو یہ تمہیں واپس ملیں گی اور آپؐ نے اس کے بیٹے کو سو کوڑے لگوائے اور ایک سال کے لئے اس کو جلا وطن کر دیا اور اُنیس اسلمیؓ کو حکم دیا گیا کہ وہ دوسرے کی بیوی کے پاس جائے۔ اگر وہ اقرار کرے تو اس کو سنگسار کرے۔ چنانچہ اُس نے اعتراف کیا اور اُنیس نے اس کو سنگسار کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 3: باب كَيْفَ كَانَتْ يَمِينُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم