صحیح بخاری 6636: باب كَيْفَ كَانَتْ يَمِينُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی، کہا: عروہ نے مجھے خبر دی۔ عروہ نے حضرت ابوحمید ساعدیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک محصل مقرر کیا اور وہ محصل جب اپنے کام سے فارغ ہوا آپؐ کے پاس آیا۔ وہ کہنے لگا: یا رسول اللہ! یہ آپؐ کے لئے ہے اور یہ مجھے ہدیہ دیا گیا ہے۔ آپؐ نے اسے فرمایا: تم پھر اپنے ماں باپ کے گھر میں کیوں نہ بیٹھے رہے اور پھر دیکھ لیتے تمہیں تحفہ دیا جاتا ہے یا نہیں۔ پھر رسول اللہ ﷺ شام کو نماز کے بعد کھڑے ہوئے اور تشہد پڑھا اور اللہ کی وہ کچھ تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر فرمایا: اما بعد، محصل کی یہ کیا حالت ہے کہ ہم اس کو مقرر کرتے ہیں اور پھر وہ ہمارے پاس آتا ہے اور کہتا ہے یہ تو تمہارا مالیہ ہے اور یہ مجھے ہدیہ دیا گیا ہے۔ وہ اپنے ماں باپ کے گھر میں کیوں نہیں بیٹھا رہتا اور پھر دیکھتا کیا اسے تحفے دئیے جاتے ہیں یا نہیں۔ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں محمد کی جان ہے، تم میں سے جو کوئی بھی اس (زکوٰت کے) مال میں کچھ بھی خیانت کرے گا تو ضرور ہی وہ قیامت کے دن اُس کو اپنی گردن پر اُٹھائے ہوئے لائے گا۔ اگر اونٹ ہوگا تو اس کو لائے گا وہ بڑبڑا رہا ہوگا اور اگر گائے ہوئی تو اس کو لائے گا وہ بائیں بائیں کرتی ہوگی اور اگر بکری ہوگی تو اسے لائے گا کہ وہ مَیں مَیں کر رہی ہوگی۔ دیکھو میں نے پیغام حق پہنچا دیا۔ حضرت ابوحمیدؓ نے کہا: پھر رسول اللہ ﷺ نے اپنا ہاتھ اتنا اونچا اُٹھایا کہ ہم آپؐ کی بغلوں کی سفیدی دیکھ رہے تھے۔ حضرت ابوحمیدؓ نے کہا: اور میرے ساتھ زید بن ثابتؓ نے بھی یہ بات نبی ﷺ سے سنی، تم ان سے پوچھ لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 3: باب كَيْفَ كَانَتْ يَمِينُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم