صحیح بخاری 6649: باب لاَ تَحْلِفُوا بِآبَائِكُمْ
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب (بن عبدالمجید ثقفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم تمیمی سے، ان دونوں نے زہدم بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جرم کے اس قبیلہ اور اشعریوں کے درمیان دوستی اور برادری تھی۔ ہم حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ کے پاس (بیٹھے) تھے۔ اتنے میں ان کے سامنے کھانا رکھا گیا جس میں مرغ کا گوشت تھا اور اُن کے پاس بنو تیم اللہ قبیلے کا سرخ رنگ کا ایک شخص تھا جیسے کہ وہ غلاموں میں سے تھا تو حضرت ابوموسیٰؓ نے اس کو بھی کھانے کے لئے بلایا۔ وہ کہنے لگا: میں نے اس کو کچھ کھاتے ہوئے دیکھا تو مجھے اس سے گھن آئی اور میں نے قسم کھائی کہ اسے کبھی نہیں کھاؤں گا۔ انہوں نے کہا: اُٹھو آؤ بھی، میں تمہیں اس کے متعلق کچھ بتاتا ہوں۔ میں رسول اللہﷺ کے پاس کچھ اشعری لوگوں سمیت آیا کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم میں تمہیں کوئی سواری نہیں دوں گا اور میرے پاس ہے بھی نہیں جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ پھر رسول اللہﷺ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ لائے گئے اور آپؐ نے ہمارے متعلق دریافت فرمایا۔ پوچھا: وہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ اور ہمیں پانچ اونٹ جو سفید کہانوں والے تھے دینے کا حکم فرمایا۔ جب ہم چلے ہم نے کہا: ہم نے کیا کِیا؟ رسول اللہﷺ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں کوئی سواری نہیں دیں گے اور آپؐ کے پاس کوئی سواری نہیں کہ جس پر ہمیں سوار کریں، پھر ہمیں سواری بھی دے دی۔ ہم نے رسول اللہﷺ کو آپؐ کی قسم کے متعلق لاعلمی میں رکھ کر ناجائز فائدہ اُٹھایا۔ اللہ کی قسم ہم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ (یہ خیال کر کے) ہم آپؐ کے پاس واپس گئے اور کہا: ہم اس لئے آئے تھے کہ ہم آپؐ سے سواری مانگیں۔ آپؐ نے قسم کھائی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور نہ ہی آپؐ کے پاس کوئی ہے جس پر آپؐ ہمیں سوار کریں۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے تو تمہیں سواری نہیں دی بلکہ اللہ نے تمہیں سواری دی۔ اللہ کی قسم میں جو ایسی قسم کھاؤں کہ پھر اس کے علاوہ کسی اور کو بہتر سمجھوں تو ضرور ہی وہی کروں جو اس سے بہتر ہے اور اس کو توڑ کر اس کا کفارہ دے دوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah