صحیح بخاری 6718: باب الاِسْتِثْنَاءِ فِي الأَيْمَانِ
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے غیلان بن جریر سے، غیلان نے ابوبردہ (بن ابی موسیٰ) سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں کچھ اشعریوں کی جماعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا کہ میں آپؐ سے سواری مانگوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم میں تمہیں سواری نہیں دوں گا، میرے پاس سواری نہیں ہے جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ پھر ہم جتنا عرصہ اللہ نے چاہا ٹھہرے رہے۔ اتنے میں کچھ اُونٹ لائے گئے تو آپؐ نے ہمیں تین اُونٹ دینے کے لئے حکم دیا۔ جب ہم چل پڑے تو ہم نے ایک دوسرے سے کہا کہ اللہ ہمیں کبھی برکت نہیں دے گا۔ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس سواری مانگنے کے لئے آئے تھے تو آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے اور اب آپؐ نے ہمیں سواری دے دی ہے۔ حضرت ابوموسیٰؓ کہتے تھے: (یہ خیال کر کے) ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم نے آپؐ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے نہیں تمہیں سواری دی بلکہ اللہ ہی نے تمہیں سواری دی ہے اور بخدا میں جو بھی ایسی قسم کھاؤں پھر اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں تو انشاء اللہ ضرور اپنی قسم کا کفارہ ادا کر دوں اور وہی کروں جو بہتر ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah