صحیح بخاری 6809: باب إِثْمِ الزُّنَاةِ
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ فضیل بن غزوان نے ہمیں خبر دی۔ فضیل نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بندہ جب زنا کرتا ہے تو اس حالت میں زنا نہیں کرتا کہ وہ مؤمن ہو، اور جب وہ چوری کرتا ہے تو ایسی حالت میں چوری نہیں کرتا کہ وہ مؤمن ہو، اور جب وہ شراب پیتا ہے تو ایسی حالت میں شراب نہیں پیتا کہ وہ مؤمن ہو اور نہ ایسی حالت میں قتل کرتا ہے کہ وہ مؤمن ہو۔ عکرمہ نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا: اس سے ایمان کیسے چھین لیا جاتا ہے؟ اُنہوں نے کہا: اس طرح، اور انہوں نے اپنی انگلیوں کو قینچی کیا پھر نکال لیں اور اگر وہ توبہ کرے تو ایمان اس کی طرف اس طرح لوٹ آتا ہے اور اُنہوں نے اپنی انگلیوں کو قینچی کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah