صحیح بخاری 6856: باب مَنْ أَظْهَرَ الْفَاحِشَةَ وَاللَّطْخَ وَالتُّهَمَةَ بِغَيْرِ بَيِّنَةٍ
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ نے عبدالرحمٰن بن قاسم سے، عبدالرحمٰن نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس دو لعان کرنے والوں کا ذکر کیا گیا تو عاصم بن عدی نے اس کے متعلق ایک بات کہی اور کہہ کر لوٹ گئے اور اُن کی قوم میں سے ایک شخص ان کے پاس آیا شکایت کرنے لگا کہ اس نے اپنی بیوی کے ساتھ ایک شخص کو پایا ہے۔ حضرت عاصمؓ نے کہا: میں اپنی اس بات کی وجہ سے ہی اس میں مبتلا ہوا ہوں اور وہ اس کو نبی ﷺ کے پاس لے آئے تو اس شخص نے آپؐ سے اس آدمی کے متعلق بیان کیا جسے اس نے اپنی بیوی کے ساتھ پایا اور یہ شخص زرد رنگ کا دبلا سیدھے بالوں والا تھا اور جس آدمی کے متعلق اس نے دعویٰ کیا تھا کہ اسے اس نے اپنی بیوی کے پاس پایا ہے گندمی رنگ، سڈول، پُرگوشت جسم تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اے اللہ اصل حقیقت کھول دے۔ تو وہ اُس مرد کے ہمشکل جنی جس کے متعلق اس کے خاوند نے ذکر کیا تھا کہ اس نے اس کو اس کے پاس دیکھا۔ نبی ﷺ نے ان دونوں کے درمیان لعان کرایا۔ یہ سن کر ایک شخص نے حضرت ابن عباسؓ سے اسی مجلس میں پوچھا کہ کیا یہ وہی عورت تھی جس کے متعلق نبی ﷺ نے فرمایا تھا اگر بغیر ثبوت کے میں کسی کو سنگسار کرتا تو اس عورت کو کرتا؟ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: نہیں وہ ایک اور عورت تھی جو اسلام میں ہوکر کھلے طور پر بدکاری کرتی تھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 43: باب مَنْ أَظْهَرَ الْفَاحِشَةَ وَاللَّطْخَ وَالتُّهَمَةَ بِغَيْرِ بَيِّنَةٍ