صحیح بخاری 7112: باب إِذَا قَالَ عِنْدَ قَوْمٍ شَيْئًا ثُمَّ خَرَجَ فَقَالَ بِخِلاَفِهِ
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابو شہاب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عوف سے، عوف نے ابو منہال سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: جب ابن زیاد اور مروان شام میں تھے اور حضرت ابن زبیرؓ مکہ میں آئے اور قاری (اس وقت یہ لفظ خوارج کے لیے مستعمل تھا) بصرہ میں کود پڑے تو میں اپنے باپ کے ساتھ حضرت ابو برزہ اسلمیؓ کی طرف چلا گیا ہم اُن کے پاس اُن کے گھر میں گئے اور وہ اپنے بانس کے ایک بالا خانے کے سایہ میں بیٹھے تھے۔ اُن کے پاس جا کر بیٹھے اور میرا باپ مزے لے لے کر باتیں کرنے لگا کہ تا وہ بھی بات کریں اور اُنہوں نے کہا: ابو برزہؓ کیا آپ اس فتنہ کو نہیں دیکھتے جس میں لوگ پڑے ہیں؟ تو پہلی بات جو میں نے اُن کو کہتے ہوئے سنی وہ یہ تھی کہ میں نے اس کو اللہ کے نزدیک موجب ثواب سمجھا ہے کہ میں قریش کے قبیلوں پر ناراض ہوں۔ اے عرب کے لوگو! تم اس ذلت اور غربت اور گمراہی کی حالت کو جانتے ہی ہو جس میں کہ تم تھے اور اللہ نے تمہیں اسلام کے طفیل اور محمد ﷺ کے ذریعہ سے بچا کر اس حالت تک پہنچا دیا ہے جو تم دیکھ رہے ہو اور یہ دنیا ہے جس نے تمہارے درمیان بگاڑ ڈال دیا ہے اور وہ شخص جو شام میں ہے اللہ کی قسم وہ بھی تو صرف دنیا پر لڑرہا ہے اور یہ لوگ جو تمہارے درمیان ہیں بخدا یہ بھی دنیا پر ہی لڑ رہے ہیں اور وہ شخص جو مکہ میں ہے اللہ کی قسم وہ بھی دنیا پر ہی لڑرہا ہے۔
باب 21: باب إِذَا قَالَ عِنْدَ قَوْمٍ شَيْئًا ثُمَّ خَرَجَ فَقَالَ بِخِلاَفِهِ