صحیح بخاری 7135: باب يَأْجُوجَ وَمَأْجُوجَ
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی نیز اسماعیل (بن ابی اویس) نے بھی ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ اُن کے بھائی نے سلیمان سے، اُنہوں نے محمد بن ابی عتیق سے، ابن ابی عتیق نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے اُن کو بتایا۔ اُنہوں نے حضرت اُم حبیبہ بنت ابی سفیانؓ سے، اُنہوں نے حضرت زینب بنت جحشؓ سے روایت کی کہ ایک دن رسول اللہ ﷺ اُن کے پاس گھبرائے ہوئے آئے۔ آپؐ فرما رہے تھے: اللہ کے سوا اَور کوئی معبود نہیں۔ عربوں کی ہلاکت ہے اس شر سے جو بالکل نزدیک آن پہنچا۔ آج یاجوج ماجوج کی دیوار کو اس قدر کھولا گیا ہے اور آپؐ نے اپنی دونوں انگلیوں سے یعنی انگوٹھے اور اس سے جو اس کے ساتھ ملی ہوئی ہے حلقہ بنایا۔ حضرت زینب بنت جحشؓ کہتی تھیں، میں نے کہا یا رسول اللہ! کیا ہم ہلاک ہوجائیں گے جبکہ ہمارے درمیان اچھے لوگ ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں جب گند بہت ہوجائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah