صحیح بخاری 7260: بَابُ مَا جَاءَ فِي إِجَازَةِ خَبَرِ الْوَاحِدِ الصَّدُوقِ فِي الأَذَانِ وَالصَّلاَةِ وَال …
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: اس اثنا میں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ بدوؤں میں سے ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! کتاب اللہ کے موافق میرا فیصلہ کر دیں۔ (یہ سن کر) اس کا مخالف کھڑا ہوا اور بولا: یا رسول اللہ! اس نے سچ کہا ہے، کتاب اللہ کے موافق ہی اس کا فیصلہ فرما دیں اور مجھے اجازت دیں۔ نبی ﷺ نے اس سے فرمایا: بیان کرو۔ اس نے کہا: میرا بیٹا اس شخص کے پاس ملازم تھا اور ملازم نوکر کو کہتے ہیں، تو اس نے اس کی عورت سے زنا کیا، لوگوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو سنگسار کیا جائے گا، میں نے ایک سو بکری اور ایک لونڈی فدیہ دے کر اس کو اس سے چھڑایا پھر اس کے بعد میں نے اہل علم سے پوچھا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ اس کی بیوی کو سنگسار کیا جائے گا اور میرے بیٹے کو تو صرف سو کوڑے لگائے جائیں گے اور ایک سال کے لئے جلا وطن کیا جاوے گا۔ آپؐ نے (یہ سن کر) فرمایا کہ اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ میں تم دونوں کے درمیان کتاب اللہ کے موافق فیصلہ کروں گا۔ وہ لونڈی اور بکریاں تو واپس کر دو اور تیرے بیٹے کو سو کوڑے لگائے جائیں اور ایک سال کے لئے جلاوطن کیا جائے اور اسلم قبیلہ کے ایک شخص کا نام لے کر فرمایا: اُنیس! تم کل صبح اس شخص کی عورت کے پاس جاؤ، اگر وہ اقرار کرے تو اس کو سنگسار کر دو۔ چنانچہ اُنیس صبح اُس کے پاس گئے اور اس نے اقرار کیا جس پر انہوں نے اس کو سنگسار کیا۔