صحیح بخاری 7285
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے زُہری سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی۔ عبیداللہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کا جب وصال ہوا اور حضرت ابوبکرؓ آپؐ کے بعد خلیفہ بنائے گئے اور عرب میں سے جو منکر ہونے تھے منکر ہوگئے تو حضرت عمرؓ نے حضرت ابوبکرؓ سے کہا: آپؓ لوگوں سے کیسے لڑیں گے جبکہ رسول اللہ ﷺ فرما چکے ہیں کہ اس وقت تک لوگوں سے لڑنے کا مجھے حکم دیا گیا ہے جب تک کہ وہ یہ اقرار نہ کرلیں کہ کوئی معبود نہیں مگر اللہ ہی اور جس نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہا اُس نے مجھ سے اپنے مال اور اپنی جان کو بچا لیا سوائے اس کے کہ کسی حق کے بدلے میں اس کو لیا جاوے اور اس کا حساب اللہ پر ہے۔ حضرت ابوبکرؓ نے (یہ سن کر) جواب دیا: اللہ کی قسم! میں تو اس شخص سے ضرور لڑوں گا جس نے نماز اور زکوٰة میں فرق کیا کیونکہ زکوٰة (اللہ کا) وہ حق ہے جو مال سے لیا جاتا ہے۔ اللہ کی قسم! اگر لوگوں نے وہ رسی کا بندھن بھی مجھ سے روکے رکھا جو وہ رسول اللہ ﷺ کو دیا کرتے تھے تب بھی میں اُن سے اس کے روکنے پر لڑوں گا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! بات صرف یہی تھی کہ میں نے دیکھا، اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کے سینے کو لڑائی کے لئے کھول دیا تھا۔ پھر میں بھی سمجھ گیا کہ یہی حق ہے۔ ابن بکیر اور عبداللہ نے لیث سے (بجائے عِقَال کے) عَنَاقًا نقل کیا۔ (یعنی بکری کا پلوٹھا) اور وہی زیادہ صحیح ہے۔
کتاب 2: باب الاِقْتِدَاءِ بِسُنَنِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم