صحیح بخاری 7286
اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: عیینہ بن حصن بن حذیفہ بن بدر مدینہ میں آئے اور اپنے بھتیجے حُرّ بن قیس بن حصن کے پاس ٹھہرے اور حُرّ اُن لوگوں میں سے تھے جنہیں حضرت عمرؓ اپنے قریب بٹھایا کرتے تھے اور علماء حضرت عمرؓ کی مجلس میں بیٹھنے والے اور اُن کو مشورہ دینے والے ہوتے تھے، بوڑھے ہوں یا جوان۔ عیینہ نے اپنے بھتیجے سے کہا: میرے بھتیجے! کیا ان امیر (المؤمنین) کے پاس تمہاری کوئی وجاہت ہے کہ تم میرے لئے ان کے پاس آنے کی اجازت لے دو۔ حُرّ نے کہا: میں آپ کے لئے ان کے پاس آنے کی اجازت لے لوں گا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: پھر حُرّ نے عیینہ کے لئے اجازت لی۔ جب عیینہ اندر آیا تو کہنے لگا: خطاب کے بیٹے! اللہ کی قسم نہ تو آپ ہمیں مال دیتے ہیں اور نہ آپ ہمارے درمیان انصاف کا فیصلہ کرتے ہیں۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ ناراض ہوئے یہاں تک کہ اس کو کچھ سزا دینے ہی لگے تھے کہ حُرّ نے کہا: امیر المؤمنین! اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ سے فرمایا ہے: (اے نبی! ہمیشہ) درگذر سے کام لے اور معروف باتوں کا حکم دے اور جاہل لوگوں سے اعراض کر۔ اور یہ جاہلوں میں سے ہے۔ اللہ کی قسم! جب حُرّ نے حضرت عمرؓ کے سامنے یہ آیت پڑھی تو انہوں نے اس آیت سے تجاوز نہیں کیا اور وہ اللہ کی کتاب پر بالکل ٹھہر جایا کرتے تھے۔
کتاب 2: باب الاِقْتِدَاءِ بِسُنَنِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم