صحیح بخاری 7287: باب الاِقْتِدَاءِ بِسُنَنِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے فاطمہ بنت منذر سے، فاطمہ نے حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب سورج گرہن ہوا میں حضرت عائشہؓ کے پاس آئی اور لوگ کھڑے تھے اور وہ بھی کھڑی نماز پڑھ رہی تھیں تو میں نے کہا کہ لوگوں کو کیا ہوا ہے؟ تو حضرت عائشہؓ نے اپنے ہاتھ سے آسمان کی طرف اشارہ کیا اور کہا: سبحان اللہ۔ میں نے کہا: کوئی نشان ہے؟ تو انہوں نے اپنے سر سے اشارہ کیا کہ ہاں۔ جب رسول اللہ ﷺ نماز سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے اللہ کی حمد و ثنا بیان کی۔ پھر فرمایا: جو چیز بھی میں نے نہیں دیکھی تھی اُس کو میں نے اپنے اس مقام میں دیکھ لیا یہاں تک کہ جنت اور دوزخ بھی اور مجھے یہ وحی کی گئی کہ تمہیں قبروں میں تقریباً اسی طرح آزمایا جائے گا جتنا فتنہ دجال کے ذریعہ سے۔ پھر جو مومن ہوگا یا جو مسلمان ہوگا۔ (فاطمہ کہتی تھیں) میں نہیں جانتی کہ حضرت اسماءؓ نے ان میں سے کون سا لفظ کہا، تو وہ کہے گا: محمد (ﷺ) ہمارے پاس کھلے کھلے دلائل لائے۔ ہم نے اُن کا کہنا مان لیا اور ایمان لائے تو کہا جائے گا: آرام سے سو رہو۔ ہم نے جان لیا کہ تم یقین کرنے والے ہو، اور جو منافق ہوگا یا شک کرنے والا ہوگا۔ (فاطمہ کہتی تھیں) میں نہیں جانتی کہ حضرت اسماءؓ نے ان میں سے کون سا لفظ کہا، تو وہ کہے گا: میں نہیں جانتا، میں نے لوگوں کو کچھ کہتے سنا اور میں نے بھی کہہ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 2: باب الاِقْتِدَاءِ بِسُنَنِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم