صحیح بخاری 7347: بَابُ قَوْلِهِ تَعَالَى: {وَكَانَ الإِنْسَانُ أَكْثَرَ شَيْءٍ جَدَلاً}
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز محمد بن سلام نے مجھ سے بیان کیا کہ عتاب بن بشیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق سے، اسحاق نے زُہری سے روایت کی کہ علی بن حسین نے مجھے خبر دی۔ (انہوں نے بتایا) کہ حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ حضرت علی بن ابی طالبؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ اُن کے اور حضرت فاطمہ علیہا السلام بنت رسول اللہ ﷺ کے پاس رات کو آئے اور اُن سے فرمایا: کیا تم نماز (تہجد) نہیں پڑھا کرتے؟ حضرت علیؓ کہتے تھے، میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہماری جانیں تو اللہ کے ہاتھ میں ہوتی ہیں۔ جب ہمیں اُٹھانا چاہتا ہے تو ہمیں اُٹھا دیتا ہے۔ جب حضرت علیؓ نے آپؐ سے یہ کہا تو رسول اللہ ﷺ واپس تشریف لے گئے اور آپؐ نے اُن کو کچھ جواب نہ دیا۔ حضرت علیؓ نے آپؐ کو جب آپؐ واپس پلٹے، سنا۔ آپؐ اپنی ران پر ہاتھ مارتے ہوئے فرما رہے تھے کہ انسان اکثر باتوں میں جھگڑا کرتا ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: جو رات کو تمہارے پاس آئے اس کو طارق کہتے ہیں اور ستارے کو طارق کہتے ہیں اور ثاقب کے معنی ہیں روشن۔ آگ جلانے والے کو کہتے ہیں: أَثْقِبْ نَارَكَ اپنی آگ جلا۔
باب 18: بَابُ قَوْلِهِ تَعَالَى: {وَكَانَ الإِنْسَانُ أَكْثَرَ شَيْءٍ جَدَلاً}