صحیح بخاری 7357: باب الأَحْكَامِ الَّتِي تُعْرَفُ بِالدَّلاَئِلِ، وَكَيْفَ مَعْنَى الدِّلاَلَةِ وَتَفْسِيرِ …
یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور بن صفیہ سے، منصور نے اپنی والدہ سے، اُن کی والدہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک عورت نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ نیز محمد نے جو عقبہ کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نمیری بصری نے ہمیں بتایا۔ منصور بن عبدالرحمٰن ابن شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ میری والدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک عورت نے نبی ﷺ سے حیض کے متعلق پوچھا کہ اس سے فارغ ہونے کے بعد کیسے نہائے؟ آپؐ نے فرمایا: تم ایک کپڑا جس کو مُشک لگی ہو لو اور اُس کے ذریعے سے تم دھو کر صاف کرو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس سے کیسے صاف کروں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: دھو کر صاف کرو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس سے کیسے پاک صاف کروں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے ذریعہ سے صاف ستھری ہو جاؤ۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں: میں وہ بات سمجھ گئی جو رسول اللہ ﷺ چاہتے تھے تو میں نے اس عورت کو اپنی طرف کھینچ لیا اور اس کو سمجھا دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah