صحیح بخاری 7359: باب الأَحْكَامِ الَّتِي تُعْرَفُ بِالدَّلاَئِلِ، وَكَيْفَ مَعْنَى الدِّلاَلَةِ وَتَفْسِيرِ …
احمد بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھے خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عطاء بن ابی رباح نے مجھے بتایا۔ عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو لہسن یا پیاز کھائے وہ ہم سے الگ رہے یا (فرمایا:) ہماری مسجد سے الگ رہے اور وہ اپنے گھر میں ہی بیٹھا رہے اور آپؐ کے پاس ایک برتن لایا گیا۔ ابن وہب نے کہا: یعنی ہانڈی جس میں کچھ کچی ترکاریاں تھیں۔ آپؐ نے اُن کی بو محسوس کی تو آپؐ نے ان کے متعلق پوچھا۔ جو اس میں ترکاریاں تھیں آپؐ کو بتائی گئیں۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں ان کے سامنے رکھو۔ چنانچہ انہوں نے صحابہ میں سے کسی کے سامنے رکھیں جو آپؐ کے ساتھ تھے۔ جب انہوں نے آنحضرت ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے ان کے کھانے سے کراہت کی ہے تو آپؐ نے فرمایا: تم کھاؤ کیونکہ میں اس سے مناجات کرتا ہوں جس سے تم مناجات نہیں کرتے۔ اور ابن عفیر نے ابن وہب سے نقل کیا کہ ایک ہانڈی لائی گئی جس میں ترکاری تھی اور لیث اور ابو صفوان نے یونس سے ہانڈی کا واقعہ نہیں ذکر کیا اس لئے میں نہیں جانتا کہ آیا یہ زُہری کا قول ہے یا حدیث میں ہے۔