صحیح بخاری 7439: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ}
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد بن یزید سے، خالد نے سعید بن ابی ہلال سے، سعید نے زید سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم قیامت کے روز اپنے ربّ کو دیکھیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: بھلا سورج اور چاند کے دیکھنے میں تمہیں تکلیف اٹھانی پڑتی ہے جبکہ مطلع صاف ہو؟ ہم نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر تمہیں اپنے ربّ کے دیکھنے میں بھی اس دن صرف اتنی ہی تکلیف اٹھانی پڑے گی جتنی کہ سورج چاند کے دیکھنے میں تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: پھر ایک منادی پکارے گا: ہر قوم اس کی طرف چلی جائے جس کی وہ پوجا کرتی تھی۔ یہ سن کر صلیب کی پوجا کرنے والے اپنی صلیب کے ساتھ اور بت پرست اپنے بتوں کے ساتھ اور ہر ایک معبود والے اپنے اپنے معبودوں کے ساتھ ہو جائیں گے یہاں تک کہ وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کی عبادت کرتے تھے خواہ نیک ہوں یا بدکار اور اہل کتاب میں سے کچھ بچے ہوئے۔ پھر جہنم کو سامنے لایا جائے گا۔ ایسے معلوم ہوگا جیسے سراب ہو۔ یہود سے پوچھا جائے گا: تم کس کو پوجا کرتے تھے؟ وہ کہیں گے: ہم اللہ کے بیٹے عزیر کو پوجا کرتے تھے۔ تو ان سے کہا جائے گا: تم جھوٹے ہو۔ اللہ کی نہ جورو ہے اور نہ کوئی اولاد۔ اب تم کیا چاہتے ہو؟ وہ کہیں گے: ہم چاہتے ہیں کہ تو ہمیں پانی پلائے۔ تو کہا جائے گا: پیو اور وہ جہنم میں جا گریں گے۔ پھر عیسائیوں سے پوچھا جائے گا: تم کس کو پوجتے تھے؟ تو وہ کہیں گے: ہم اللہ کے بیٹے مسیح کو پوجا کرتے تھے۔ تو کہا جائے گا: تم جھوٹے ہو۔ اللہ کی نہ کوئی جورو ہے نہ کوئی اولاد۔ تم اب کیا چاہتے ہو؟ وہ کہیں گے: ہم چاہتے ہیں کہ تُو ہمیں پانی پلائے، تو کہا جائے گا: پیو اور وہ بھی گرنے لگیں گے۔ آخر وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کو پوجتے تھے خواہ نیک ہوں یا بدکار۔ ان سے کہا جائے گا: تمہیں کس بات نے روکے رکھا ہے حالانکہ سب لوگ چلے گئے ہیں؟ وہ کہیں گے: ہم ان سے اس وقت الگ رہے جبکہ ہم آج سے زیادہ ان کے محتاج تھے اور ہم نے ایک منادی کو سنا ہے جو پکار رہا تھا: ہر قوم اسی سے جا ملے جس کو وہ پوجا کرتے تھے اور ہم تو اپنے ربّ کا ہی انتظار کر رہے ہیں۔ فرمایا: تو جبار ان کے پاس ایسی شکل میں آئے گا کہ وہ شکل نہ ہوگی کہ جس میں انہوں نے اس کو پہلی بار دیکھا تھا اور وہ کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں۔ وہ کہیں گے: تو ہمارا ربّ ہے؟ اس سے کوئی بات تک نہیں کرے گا مگر نبی ہی۔ پھر فرمائے گا: کیا تمہارے اور تمہارے ربّ کے درمیان کوئی نشانی ہے جس سے تم اس کو پہچانتے ہو؟ تو وہ کہیں گے: پنڈلی سے ہم پہچان لیں گے۔ تو وہ کپڑا اٹھا کر اپنی پنڈلی کو کھول دے گا۔ جس کو دیکھ کر ہر مؤمن اس کو سجدہ کرے گا اور وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کو دکھلاوے اور شہرت کے لئے سجدہ کیا کرتے تھے۔ وہ سجدہ کرنے لگیں گے مگر ان کی پیٹھ ایک تختہ ہو جائے گی۔ پھر پُل لایا جائے گا اور وہ جہنم کے درمیان رکھ دیا جائے گا۔ ہم نے کہا: یا رسول اللہ! وہ پُل کیا ہوگا۔ فرمایا: ایک پھسلنے اور گِرنے کا مقام ہے۔ اس پر آنکڑے اور چوڑے چوڑے کانٹے ہوں گے، خمدار کانٹے ہوں گے جیسے نجد میں ہوتے ہیں۔ جن کو سعدان کہتے ہیں۔ مؤمن اس پل پر سے آنکھ جھپکنے کی طرح اور بجلی کی چمک کی طرح اور تیز ہوا کی طرح اور تیز گھوڑے اور سانڈنیوں کی طرح گزریں گے۔ کوئی تو صحیح سلامت بچ کر نکل جائے گا اور کوئی چھل چھلا کر بچ نکلے گا اور کسی کو جہنم کی آگ میں دھکیل دیا جائے گا۔ یہاں تک کہ ان میں سے آخری شخص جو گزرے گا تو اس کو کھینچ کھینچ کر پار کروائیں گے۔ مؤمن جو اس دن جبار کو قسمیں دے کر اپنے حق کا مطالبہ کرے گا۔ آج تم اپنے حق کے لئے مجھے اتنی قسمیں نہیں دیتے جو حق تمہارے لئے ثابت ہو چکا ہو اور جب وہ دیکھیں گے کہ وہ نجات پا چکے ہیں تو وہ اپنے بھائیوں کے متعلق اپنے ربّ سے کہیں گے: اے ہمارے ربّ! یہ ہمارے بھائی ہیں جو ہمارے ساتھ نمازیں پڑھتے تھے اور ہمارے ساتھ روزے رکھتے تھے اور ہمارے ساتھ دوسرے عمل بجا لاتے تھے۔ تو اللہ کہے گا: جاؤ جس کے دل میں بھی تم دینار کے برابر ایمان پاؤ اس کو نکالو اور اللہ آگ پر ان کے مونہوں کو حرام کر دے گا۔ تو وہ ان کے پاس آئیں گے اور حالت یہی ہوگی کہ ان میں سے کوئی آگ میں اپنے پاؤں تک ڈوبا ہوا ہوگا اور کوئی اپنی آدھی پنڈلیوں تک۔ تو جن کو وہ پہچانیں گے ان کو وہ نکال لیں گے۔ پھر وہ لوٹیں گے تو اللہ فرمائے گا: جاؤ جس کے دل میں بھی آدھے دینار کے برابر ایمان تم پاؤ اس کو بھی نکال لو۔ تو جن کو وہ پہچانیں گے ان کو نکال لیں گے۔ پھر وہ لوٹیں گے اور اللہ فرمائے گا: جاؤ جس کے دل میں ذرہ ایمان تم پاؤ اس کو بھی نکال لو۔ جن کو وہ پہچانیں گے ان کو وہ نکال لیں گے۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: اگر تم مجھے سچا نہ سمجھو تو یہ آیت پڑھ لو: اِنَّ اللّٰهَ لَا يَظْلِمُ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ١ۚ وَ اِنْ تَكُ حَسَنَةً يُّضٰعِفْهَا۔ غرض نبی اور فرشتے اور مؤمن سفارش کریں گے اور جبار کہے گا: میری سفارش باقی رہ گئی ہے تو آگ سے ایک مٹھی بھرے گا اور بہت سے لوگوں کو نکال دے گا جو جل کر کوئلے کی طرح ہو گئے ہوں گے۔ وہ ایک ندی میں ڈال دئیے جائیں گے جو جنت کے دہانے پر ہوگی اسے آب حیات کہیں گے۔ وہ اس ندی کے دونوں طرف اس طرح اگیں گے جیسے سیلاب کے دیوان میں دانہ اگتا ہے۔ تم نے اس دانے کو دیکھا ہوگا کہ پتھر کے پہلو میں بھی اگتا ہے، کبھی درخت کے پہلو میں اگتا ہے۔ جو تو اُن میں سے سورج کی طرف ہوتا ہے وہ سبز ہوتا ہے اور جو سائے کی طرف ہوتا ہے وہ سفید ہوتا ہے۔ غرض وہ اس نہر میں سے نکلیں گے ایسے ہوں گے جیسے کہ موتی اور ان کی گردنوں پر مہریں کر دی جائیں گی اور وہ جنت میں داخل ہوں گے تو جنتی کہیں گے: یہ رحمان کے آزاد کردہ لوگ ہیں اس نے ان کو جنت میں بغیر کسی عمل کے کہ جو اُنہوں نے کیا ہو یا بھلائی کے جو انہوں نے پیش کی ہو ان کو جنت میں داخل کر دیا ہے۔ پھر ان سے کہا جائے گا: تمہارے لئے یہ سب کچھ ہے جو تم نے دیکھ لیا ہے اور اس کے ساتھ اتنا ہی اور۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 24: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ}