صحیح بخاری 7481
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس روایت کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ آسمان میں کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے تو فرشتے اس کی بات سن کر عاجزی سے اپنے پَر پھڑپھڑاتے ہیں جس کی ایسی آواز ہوتی ہے جیسے زنجیر کو پتھر پر مارنے سے۔ علی (بن مدینی) کہتے تھے: سفیان کے سوا دوسرے راویوں نے کہا کہ (اس حدیث میں بجائے صَفْوَانٍ کے) صَفَوَانٍ ہے۔ یہ آواز (آسمان والوں تک) پہنچ جاتی ہے جب ان کے دلوں سے گھبراہٹ دور کی جاتی ہے تو وہ پوچھتے ہیں: تمہارے ربّ نے کیا کہا؟ تو وہ جواب دیتے ہیں: حق ہی فرمایا۔ اور وہ بہت بلند اور بہت ہی بڑا ہے۔ علی کہتے تھے: اور سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو نے ہمیں یہی بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ سفیان نے کہا: عمرو کہتے تھے: میں نے عکرمہ سے سنا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے بتایا۔ علی کہتے تھے: میں نے سفیان سے پوچھا: (کیا عمرو بن دینار نے یوں ہی) کہا تھا کہ میں نے عکرمہ سے سنا؟ عکرمہ نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے سفیان سے کہا کہ ایک آدمی نے یوں روایت کیا کہ عمرو بن دینار سے مروی ہے کہ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس کو مرفوع بیان کرتے تھے کہ انہوں نے اس آیت کو یوں پڑھا: فُزِّعَ۔ سفیان نے کہا: عمرو نے بھی اسی طرح پڑھا۔ میں نہیں جانتا کہ انہوں نے اسی طرح سنا تھا یا نہیں۔ سفیان نے کہا: یہی ہماری قراءت ہے۔