صحیح بخاری 7525: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَأَسِرُّوا قَوْلَكُمْ أَوِ اجْهَرُوابِهِ إِنَّهُ عَلِيمٌ ب …
عمرو بن زرارہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ہشیم سے روایت کی کہ ابوبشر نے ہمیں خبر دی۔ ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اللہ تعالیٰ کے اس قول وَ لَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَ لَا تُخَافِتْ بِهَا کے متعلق روایت کی، کہا: یہ آیت اس وقت نازل ہوئی جب کہ رسول اللہ ﷺ مکہ میں مخفی رہتے تھے۔ تو آپؐ جب اپنے صحابہ کو نماز پڑھاتے ہوئے قرآن پڑھنے میں اپنی آواز کو بلند کرتے، مشرک آپؐ کی آواز سنتے تو قرآن کو بُرا بھلا کہتے اور اس کو بھی جس نے اس کو نازل کیا اور اس کو بھی جو اسے لایا۔ اس لئے اللہ نے نبی ﷺ سے فرمایا: وَلَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ یعنی اپنی قرأت کو اونچا نہ پڑھو ورنہ مشرک سنیں گے اور قرآن کو بُرا بھلا کہیں گے اور نہ اپنے ساتھیوں سے اتنا دھیما پڑھو کہ تو ان کو سنائے بھی نہ۔ وَ ابْتَغِ بَيْنَ ذٰلِكَ سَبِيْلًا۔ یعنی اس کے درمیان کی راہ اختیار کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah