صحیح بخاری 7561: باب قِرَاءَةِ الْفَاجِرِ وَالْمُنَافِقِ، وَأَصْوَاتُهُمْ وَتِلاَوَتُهُمْ لاَ تُجَاوِزُ حَن …
علی نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے روایت کی۔ نیز احمد بن صالح نے مجھ سے بیان کیا کہ عنبسہ نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے عروہ بن زبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: کچھ لوگوں نے نبی ﷺ سے کاہنوں کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: وہ کچھ بھی نہیں۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ کوئی بات بتا دیتے ہیں جو سچی ہوتی ہے۔ (ابنِ شہاب نے روایت کرتے ہوئے) کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: وہ بات جو سچی ہوتی ہے جنّ اس کو اڑا لیتا ہے اور وہ اپنے دوست کے کان میں کڑ کڑ کرتے ہوئے یوں ڈال دیتا ہے جیسے مرغی کڑکڑاتی ہے اور پھر وہ اس بات میں سو سے بھی زیادہ جھوٹ ملا دیتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah