صحیح مسلم 1633: كتاب الزكاة
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جو کوئی بھی سونے یا چاندی کا مالک ہو اور اس میں سے اس کا حق ادا نہ کرے تو قیامت کے دن اس کے لئے آگ کی تختیاں بنائی جائیں گی پھر دوزخ کی آگ میں انہیں گرم کیا جائے گا پھر اس سے اس کے پہلو، پیشانی اور اس کی پیٹھ کو داغا جائے گا اور جب بھی یہ (تختیاں) ٹھنڈی ہو جائیں گی تو انہیں اس کے لئے دوبارہ (گرم) کیا جائے گا ایک ایسے دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہوگی یہاں تک کہ بندوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے گا پھر وہ اپنا رستہ دیکھے گا یا جنت کی طرف یا دوزخ کی طرف۔ عرض کیا گیا یا رسولؐ اللہ! اونٹوں کے بارہ میں (کیا حکم ہے)؟ آپؐ نے فرمایا نہ ہی اونٹوں والا جو اُن کا حق ادا نہ کرے اور ان کے حق میں سے ایک یہ بھی ہے کہ پانی پلانے کے دن اس کا دودھ دوھا جائے۔ ہاں مگر جب قیامت کے دن اسے چٹیل میدان میں اوندھے منہ لٹایا جائے گا اور اس کے سارے اونٹ پوری تعداد میں جن میں سے ایک بچہ بھی کَم نہ ہوگا وہاں ہوں گے وہ اپنے پاؤں سے اسے روندیں گے اور اپنے منہ سے اسے کاٹیں گے جب بھی ان کی ایک قطار اس پر سے گزرے گی تو دوسری لوٹا دی جائے گی ایسے دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہوگی۔ یہاں تک کہ بندوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے گا۔ پھر وہ اپنا رستہ دیکھے گا یا جنت یا دوزخ کی طرف۔ عرض کیا گیا یا رسولؐ اللہ! گایوں اور بھیڑ بکریوں کے بارہ میں؟ آپؐ نے فرمایا گایوں اور بکریوں کے مالک (بھی) جو ان کے حق ادا نہ کریں گے قیامت کے دن اسے چٹیل میدان میں اوندھے منہ لٹایا جائے گا اور وہ ان میں سے کچھ بھی کَم نہ پائے گا۔ ان میں نہ تو مڑے ہوئے سینگوں والی ہوں گی اور نہ بغیر سینگوں والی ہوں گی نہ ہی ٹوٹے ہوئے سینگوں والی ہوں گی۔ یہ سب اُسے اپنے سینگوں سے ماریں گی اور اپنے کُھروں سے روندیں گی اور جب بھی اُن میں سے ایک اس پر سے گذرے گی تو دوسری لوٹا دی جائے گی۔ اس دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہے۔ یہاں تک کہ بندوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے گا۔ پھر وہ اپنا رستہ دیکھے گا یا جنت کی طرف یا دوزخ کی طرف۔ عرض کیا گیا یا رسولؐ اللہ اور گھوڑوں کے بارہ میں؟ آپؐ نے فرمایا گھوڑے تین قسم کے ہیں۔ ایک تو مالک کے لئے بوجھ ہیں دوسرے مالک کے لئے پردہ پوشی کا ذریعہ اور تیسرے مالک کے لئے اجر۔ جہاں تک اُن (گھوڑوں) کا تعلق ہے جو مالک کیلئے بوجھ ہیں انہیں آدمی ریاء، فخر اور مسلمانوں سے دُشمنی کے لئے باندھتا ہے تو یہ اس کے لئے بوجھ ہے۔ جہاں تک اُن (گھوڑوں) کا تعلق ہے جو اس کے لئے پردہ ہیں یہ وہ ہیں جنہیں آدمی نے اللہ کی راہ میں باندھا ہو اور پھر ان کی پشتوں اور گردنوں میں اللہ کے حق کو نہ بھولا ہو پس یہ اس کے لئے پردہ ہیں اور جہاں تک اُن (گھوڑوں) کا تعلق ہے جو اس کے لئے اجر کا باعث ہیں یہ وہ ہیں جنہیں مالک نے اللہ کی راہ میں مسلمانوں کے لئے کسی چراہ گاہ یا باغ میں باندھا ہو پس جتنا بھی وہ اس چراگاہ یا باغ میں سے کھائیں گے اس کے لئے اتنی نیکیاں لکھ دی جائیں گی اور ان کی لید اور پیشاب کے عوض بھی اس کے لئے نیکیا ں لکھ دی جائیں گی اور اگر وہ رسی تڑوا کر ایک یا دو گھاٹیاں طے کرے تو ان کے قدموں کے نشانات اور لید کے برابر اللہ اس کے لئے نیکیاں لکھ دے گا اور اگر اس کا مالک اسے لے کر کسی نہر پر سے گذرے اور وہ اس سے پانی پی لے جبکہ اس کا ارادہ پانی پلانے کا نہ ہو تو بقدر ان کے پانی پینے کے اللہ اس کے لئے نیکیاں لکھ دے گا۔ عرض کیا گیا یا رسولؐ اللہ! اور گدھوں کے بارہ؟ آپؐ نے فرمایا گدھوں کے بارہ میں کچھ نازل نہیں کیا گیا سوائے اس کے کہ یہ ایک جامع آیت۔ فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیْرًا یَّرَہُ وَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ شَرًّا یَرَہُ (الزلزال: 8، 9) یعنی جو کوئی ذرہ بھر بھی نیکی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا اور جو کوئی ذرہ بھر بھی شر کا مرتکب ہوگا وہ اسے دیکھ لے گا۔ ایک اور روایت میں مَا مِنْ صَاحِبِ اِبِلٍ یُؤَدِّیْ حَقَّھَا کے الفاظ ہیں جبکہ مِنْھَا حَقَّھَا کے الفاظ نہیں ہیں جبکہ لَا یَفْقِدُ مِنْھَا فَصِیْلًا وَاحِدًا کا ذکر کیا ہے اور کہا ہے یُکْوٰی بِھَا جَنْبَاہُ وَجَبْہَتُہُ وَظَھْرُہُ۔
Urdu translation: Noor Foundation